عوام کے مسائل کو عوامی پارٹی سمجھ سکتی ہے، ملک کی زراعت کیلئے پانی کی فراہمی کے جدید طریقے دیکھنے ہو نگے

سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری کا جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو عوامی پارٹی سمجھ سکتی ہے، ملک کی زراعت کیلئے پانی کی فراہمی کے جدید طریقے دیکھنے ہو نگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کرن شورو گوٹھ قاسم آباد میں ہونے والے جلسہ عام سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آصف علی زرداری کے خطاب سے قبل آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے ہم عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی کی کمی ہے‘ میں نے مراد علی شاہ سے کہا ہے کہ پانی کے استعمال کے جدید طریقوں کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہم سرمایہ کاری لاسکتے ہیں اور صنعتوں کو چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کے جذبہ کو دیکھ کر میں جوان ہو جاتا ہوں اب27دسمبر کو پھر کارکنوں و عوام سے ملوں گا۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے مخصوص انداز سے خطاب کیا تو جلسہ کے شرکاء محظوظ ہو ئے ۔انہوں نے کہا کہ بھٹو کے جانشین میدان میں ہیںاور پچاس سال سے جئے بھٹو کا نعرہ لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے اپنا حق لینے کے لیے ہر قربانی دی ہے اور اب بھی دیں گے۔