Live Updates

کراچی سمیت سندھ بھر میں 6 روز بعد سی این جی اسٹیشنز کھل گئے

ملک میں صرف 3 ماہ گیس کی کمی ہوگی، فروری میں گیس کی قلت ختم ہوجائے گی، صارفین کو چاہئے کا احتیاط کریں، گورنرسندھ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی فراہمی بحال ہوگئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خود صدر جا کر سی این جی اسٹیشن کھلوایا۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ گیس کی کمی ہے احتیاط سے استعمال کی جائے، ایس ایس جی سی اور کوئی ادارہ آئندہ کیس بند نہیں کرے گا، تحریک انصاف کی حکومت میں گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کراچی سمیت سندھ بھر میں رات 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر کے علاقے میں خود جا کر سی این جی اسٹیشن کھلوایا، شہر بھر میں بھی سی این جی اسٹیشن 6 روز کی بندش کے بعد کھل گئے، جہاں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل کا اس موقع پر کہاکہ فروری میں گیس کی قلت ختم ہوجائے گی، ملک میں صرف 3 ماہ گیس کی کمی ہوگی، فروری میں گیس کی قلت ختم ہوجائے گی، صارفین کو چاہئے کا احتیاط کریں۔

انہوں نے بتایا کہ گیس معاملے پر صنعتکاروں کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، 3 ماہ تک صنعتوں کو 50 فیصد کم گیس ملے گی، سندھ کا حق اسے ضرور ملے گا، ایس ایس جی سی اور کوئی ادارہ آئندہ گیس بند نہیں کرے گا، تحریک انصاف کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات