ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں، اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے، قانون کے تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں اور یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے، سید مراد علی شاہ کاکیڈٹ کالج پٹار و میں کالج کے 57ویں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں، اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں، ہمیں کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے، قانون کے تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں اور یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے۔

وہ کیڈٹ کالج پٹار و میں کالج کے 57ویں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت سے ملکر ہم سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پر توجہ دے رہے ہیں اس کے علاوہ تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، گیس کی بندش سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور ہمارے آئین کے مطابق جس صوبے میں گیس پیدا ہوتی ہے تو پہلا حق بھی اسی کا ہے، وفاقی وزیر پیٹرولیم کے سامنے ہم نے اپنے تحفظات پیش کیے اور انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ آئین پر عملدرآمد کیا جائیگا اور ہمیں امید ہے کہ وہ ضرور مسئلے کا حل نکالیں گے، پنجاب میں اہم سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون کے تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں اور یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کی خدمات قابل تعریف ہیں یہاں سے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی تعلیم حاصل کی ہے، انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کا بجٹ 50ملین سے بڑھا کر 75ملین کیا جا رہا ہے جسے آئندہ سال 100ملین کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم صوبے میں معیاری اور سستی تعلیم کیلئے کوشاں ہیں اور موجودہ تعلیمی نظام میں کمی اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت سندھ خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہو اور آپ کا صرف اور صرف ایک ہی مشن ہونا چاہیے کہ آپ اچھی تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کی خدمت کریں، انہوں نے پوری دنیا میں کمپیوٹرکے سبجیکٹ میں اول آنے والے کیڈٹ اظہر جان کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا، انہوں نے اسٹک آف آنر جیتنے والے سابق کیڈٹ اذہان اور کیڈٹ عبدالسلام کو بیسٹ اکیڈمکس ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی، انہوں نے بیج آف آنر جیتنے والے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی، وزیر اعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل اور اساتذہ کی معیاری تعلیم کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے کالج کے پرنسپل کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کالج کی ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رہے گا۔

قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل کموڈورمحبوب الاہی ملک نے اپنے خطاب میں پٹارو کالج کے کیڈٹس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی، تقریب میں کیڈٹس نے مارچ پاسٹ ، پی ٹی ، چائنیز کلچر ، کراٹے اور گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا ۔تقریب میں کیڈٹس کے بنائے ہوئے فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی، تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر ،کمانڈر کراچی اور چیئر مین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج پٹار وریئر ایڈمرل آصف خالق ،وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈی سی جامشورو کیپٹن ( ر) فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔