قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے آرمی پبلک سکول کی عظیم قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گی، معصوم بچوں کا پاک خون بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہے،کوئی ملک جب دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کے ضمن میں منفی بات کرتا ہے تو وہ ان معصوم شہیدوں، اقلیتوں، ہماری بہادر مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے مقدس لہوکی توہین کاارتکاب کر رہا ہوتا ہے جس کی کوئی مہذب و انصاف پسند انسان اجازت نہیں دے سکتا

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کا یوم شہدائے آرمی پبلک سکول کی چوتھی برسی کے موقع پر بیان

اتوار 16 دسمبر 2018 13:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے آرمی پبلک سکول کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ،سفاک دہشت گردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔اتوار کے روز شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور کی چوتھی برسی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں وزیراطلاعات و نشریات نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کے معصوم بچوں کا پاک خون بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے اس عزم کا واضح اورناقابل تردید ثبوت ہے کہ معصوم بچوں سے لے کر خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، غیرمسلموں سمیت پوری پاکستانی قوم نے اس عفریت کے خلاف مزاحمت کی جراتمندانہ اور درخشندہ مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کوئی ملک جب بنیادی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کے ضمن میں منفی بات کرتا ہے تو دراصل وہ ان معصوم شہیدوں، اقلیتوں، ہماری بہادر مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے مقدس لہوکی توہین کاارتکاب کر رہا ہوتا ہے جس کی کوئی بھی مہذب اور انصاف پسند انسان ہرگز اجازت نہیں دے سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، انشاء اللہ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی اور اس مقصد کے لیے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔