منشیات،ہوائی فائرنگ،سودی کاروبار اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے، ڈی ایس پی خالد عثمان

اتوار 16 دسمبر 2018 14:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ڈی ایس پی صدر خالد عثمان کی زیرصدارت تلگی میں ملک سلمان خان کی طرف سے امن وامان کے حوالے سے گزشتہ روزکھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ،جسمیں ایس ایچ او تھانہ بسیہ خیل عبدالمجید مروت،ایڈیشنل ایس ایچ او صدر نواز اور ملک سلمان سمیت علاقہ کے معززین اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی ۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی خالد عثمان نے کہا کہ عوام،پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں اس خطے میں امن بحال ہوا ہے تاہم اس امن کو برقرار رکھنے کیلئے عوام کو پولیس کا ساتھ دینا ہوگا ۔منشیات،ہوائی فائرنگ،سودی کاروبار اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے، عوام جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کا سماجی بائیکاٹ کریں یا پھر پولیس کا اطلاع دیں، اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا اور پولیس جرائم پیشہ افراد، سہولت کاروں اور منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں پر ریس لگانے والوں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جار ی ہیں کیونکہ موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ،ریس لگانا اور ہوائی فائرنگ نقصان دہ ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں تاہم ہوائی فائرنگ کرنے والے دوسرے لوگوں کی خوشیوں کو غم میں تبدیل کرتے ہیں اور ان کا ہنستا بستا گھر اجاڑ کر ماتم کدہ میں تبدیل کردیتے ہیں ۔