مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربیت اور درندگی کی انتہاء ہوچکی ہے‘میر یونس

14سے زائدمظلوم کشمیریوں کی شہادت اور 2سو سے زائد زخمی افراد کی شدید مذمت کرتے ہیں

اتوار 16 دسمبر 2018 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی و ممبر کشمیر کونسل میر محمد یونس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربیت اور درندگی کی انتہاء ہوچکی ہے ، 14سے زائدمظلوم کشمیریوں کی شہادت اور 2سو سے زائد زخمی افراد کی شدید مذمت کرتے ہیں ، اقوام متحدہ بھارتی درندگی کو روکنے کیلئے خصوصی اقداما ت کرے ، اوورسیز کشمیری مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دنیا بھر میں بھارتی سفارتحانوں کے باہر احتجاج کرکے اپنا ریکارڈ نوٹ کروائیں ، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی درندگی پر بھارت کو منہ تو ڑ جواب دیں جبکہ آزادکشمیر کی حکومت مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فوری طور پر احتجاج کی کال دیں ۔

اُنہوں نے اِن خیالات کا اظہار مسقط میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی درندگی کی انتہاء کردی ہے ،گزشتہ روز پلوامہ میں مظلوم کشمیریوں کی شہادت پر دل خون کے آنسو روتاہے،14سے زائد بے گناہ کشمیریوں کی شہادت جبکہ ڈگری ہولڈر عابد لون کی شہادت افسوس ناک ہے ،بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئی2سو سے زائد کشمیریوں کو زخمی کرکے اپنی درندگی کا ثبوت دے دیا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی پالیسی پر افسوس ہوتا ہے کہ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے مگر مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اور پورا کشمیر جل رہا ہے مگر حکومت آزادکشمیر اپنی الیکشن مہم اور عیاشیوں میں مصروف ہے ،آج آزادکشمیر میں یوم سیاہ منایا جانا چاہیے تھا مگر افسوس کہ وہاں خاموشی کا سماں ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھار ت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مظلوم کشمیریوں کی وکالت کا ثبوت دیں ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے موثر اقدامات کریں ، بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی میں پیلٹ گن کے علاوہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی شروع کررکھا ہے جو کہ عالمی قوانین کے خلاف ہے اور اِس پر اقوام متحدہ رپورٹ بھی شائع کرچکا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ یورپ سمیت عرب میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی سفارتحانوں کے باہر احتجاج کرکے اپنا ریکارڈ نوٹ کروائیں اور ذیادہ سے ذیادہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو مکتوب لکھیں تاکہ مسئلہ کشمیر پر کوئی پیش رفت ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ اِس وقت جنوبی ایشیاء میں مسئلہ کشمیر ایک اہم ایشو ہے اگر اِس کو حل نہ کیا گیا تو بھارت اپنی دہشتگردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان کوبھی دہشتگردی کا گڑھ بنادے گا۔