مختلف سبزیوں کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24 ڈگری سینٹی گریڈرکھنے کی ہدایت

اتوار 16 دسمبر 2018 15:10

فیصل آباد۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) محکمہ زراعت نے کھیرے ، گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، بینگن، خربوزے اور تربوز کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24 ڈگری سینٹی گریڈرکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ درجہ حرارت سے کم یا زیادہ درجہ حرارت سبزیوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ شملہ مرچ اور سبز مرچ کیلئے درجہ حرارت 21سے 24 جبکہ ٹماٹر اور کریلے کی فصل کیلئے 21سے 29ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دن کے وقت ٹنل کے دروازے کچھ وقت کیلئے کھول دیئے جائیں تاکہ ٹنل میں نمی اور درجہ حرارت مناسب رہے اور بیماریوں کا حملہ نہ ہواور دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ رات کے وقت پودوں کے کام آتا ہے، انہوں نے کہا کہ جب درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جائے تو ٹنل کے دروازے زیادہ دیر کیلئے کھولیں کیونکہ ٹنل کے اندر نمی کی زیادتی پھپھوندی والی بیماریوں کا باعث بنتی ہے، انہوںنے کہاکہ اس موقع پر اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیا جائے تاکہ نمی کو کنٹرول کیا جا سکے، جبکہ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیںاس لئے ان میں اختلاط نسل خودبخود نہیں ہوتا لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہئے، کاشتکار یہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیںکیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں تاہم اگر پارتھینو کارپک اقسام کاشت کی گئی ہوں تو مصنوعی زرپاشی کی ضرورت نہیں رہتی۔

متعلقہ عنوان :