موسیٰ خیل قبائل کے سربراہ سینیٹر سردار محمد اعظم خان کو سپر د خاک کر دیا گیا

نماز جنازہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے قائدین، مشر محمود خان اچکزئی ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل سمیت سیاسی سماجی راہنماؤں کی شرکت

اتوار 16 دسمبر 2018 15:10

موسیٰ خیل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) موسیٰ خیل قبائل کے قومی چیف اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سنئیر نائب صدر سابق ایم پی اے سنیٹر سردار محمد اعظم خان کو سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں سیاسی سماجی رہنماوں سمیت بڑی تعداد میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے قائدین و کارکنان اور موسیٰ خیل برادری کے عوام سمیت عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

سنیٹر سردار محمد اعظم خان ہفتے کے روز حرکت قلب بند ہونے سے کراچی کے نجی ہسپتال آغا خان میں انتقال کرگئے تھے ۔جسدِ خاکی بذریعہ ہوائی جہاز کوئٹہ ائیرپورٹ لایا گیا جہاں سے جسدِ خاکی بذریعہ ایمبولینس موسیٰ خیل روانہ کیا گیا ۔ سردار محمد اعظم خان کے آخری سفر میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی چئیرمن محترم مشر محمود خان اچکزئی ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل سنیٹر عثمان کاکڑ ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نواب ایاز خان جوگیزئی رکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زہری اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران خیبر پختونخوا اور بلوچستان بھر کے قبائلی مشران اور معتبرین و علماء کرام قافلے میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ سے موسیٰ خیل تک راستے میں مختلف مقامات پر عوام اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے سردار محمد اعظم خان کا آخری دیدار کیا ۔رات آٹھ بجے لورالائی کے مرکزی عیدگاہ میں پہلا نماز جنازہ ادا کیا گیا جنازے میں کثیر تعداد میں لورالائی اور گردونواح کے عوام نے شرکت کی اس کے بعد میت کو آبائی گاؤں قلعہ سردار باز خان پہنچایا گیا۔

گزشتہ روز ایف سی گراؤنڈ موسیٰ خیل میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی ، شہریوں کے علاوہ جنوبی پشتونخوا خیبرپختونخوا سندھ اور پنجاب سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جبکہ تحصیل کنگری راڑہ شم درگ کیوان زمری پلاسین توئی سر اور شہر کے گردونواح سے لوگ جنازہ گاہ پہنچے، شہر مکمل طور پر بند تھا نمازِ جنازہ میں مشر محمود خان اچکزئی ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل منیر احمد کاکڑ اور ارکان صوبائی اسمبلی و سینیٹ سابقہ پارلیمنٹرین پشتونخواملی عوامی پارٹی و دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی شہر میں ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ کے ہدایت پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، تمام راستوں پر پولیس اور لیویز کی نفری تعینات تھی ۔

نماز جنازہ کے بعد آخری دیدار کے لیے کئی گھنٹوںقطاریں لگ گئیں میت کو قافلے کے شکل میں آبائی قبرستان لایا گیا جہاں ان کے دادا سردار باز خان کے پہلو میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا جبکہ فاتحہ خوانی ان کے رہائش گاہ غڑیاسہ میں جاری ہے ادھر شہر میں انجمن تاجران اور نجی تعلیمی اداروں میں تین یوم کا سوگ منانے کا اعلان کیا گیا۔