آصف زرداری نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دے ڈالی

حکومت نے بینظیرکارڈ کی رقم کم کی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے،آصف زرداری

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 16 دسمبر 2018 15:27

آصف زرداری نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دے ڈالی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-16 دسمبر 2018ء ) :سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بینظیرکارڈ کی رقم کم کی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آصف زرداری بھی مفاہمت چھوڑ کر مزاحمت اور ٹکراو کی سیاست کی راہ پر چل نکلے ہیں۔ایک جانب انہوں نے ٹنڈو الہ یار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیانات دئیے۔

الیکشن شفاف ہوتے تو کپتان نہیں کوئی اور حکومت میں ہوتا۔جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتاہے وہ کاٹ کر مصنوعی پودا کھڑا کردیتے ہیں۔اس موقع پر ایک صحافی نے سندھی زبان میں سوال کیا جس پر آصف زرداری نے اردو میں جواب دیا اور جواب دے کر کہا کہ اردو میں اس لئیے جواب دے رہا ہوں تاکہ اسلام آباد والے سن لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہردفعہ مذاق ہواہے ہر دفعہ عجب کہانیاں لکھی گئی ہیں۔

ایوب نے اپنے دور میں بنیادی جمہوریت کا ڈرامہ کیا،بھٹو ایوب خان سے لڑے۔ہر مارشل لا ءکے ساتھ پیپلز پارٹی لڑی ہے ،ہم نے سب مارشل لاء کا مقابلہ کیا۔جب بھی عوام کاحق مجروح کیا گیا ہم نے آواز اٹھائی۔دوسرئ جانب انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہمیں گرفتاری سے خوف ہے، جیل تو ہمارا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے اپنی حکومت کا موازنہ موجودہ حکومت سے کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 100 دن میں بہت کام کیے۔

ہم نے اپنے دور حکومت میں ہر مسئلے پر کام کیا،پکڑ دھکڑ چھوڑ دیں تو کوئی کام ہو۔انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر بینظیر انکم سپورٹ کی رقم کو چھیڑا گیا تو تھر کی غریب خواتین سے مار پڑے گی ،انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کارڈ کی رقم کم کی گئی تو ہم پنجاب کی بجلی بند کردیں گے اور اگر سندھ کی گیس کو کم کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم بہت کچھ بند کردیں گے۔