سانحہ پشاورکی برسی کا دن بین الاقوامی برادری کو یاد دہانی کرواتا ہے کہ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور ہمیں مل کر اس کے خلاف لڑنا ہے،

ہماری ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، اس سانحہ کا دکھ اورغم قوم کے ذہنوں آج بھی تازہ ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورکی چوتھی برسی پر پیغام

اتوار 16 دسمبر 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورکی چوتھی برسی پر کہا ہے کہ 16 دسمبر کے سانحہ کی برسی کا دن بین الاقوامی برادری کو بھی یہ یاد دہانی کرواتا ہے کہ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور ہمیں مل کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا، آج کے دن ہمیں دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے اور امن و امان کی بحالی کے لئے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔

اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں آرمی پبلک سکول کے شہداء کے خاندانوں، دوستوں اور عزیز و اقارب کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء سیاہ دن تھا جب 130 سے زائد معصوم اور قیمتی جانوں کا نقصان ہوا تھا۔

اس واقعہ کی تلخ یادیں قوم کے ذہنوں میں تازہ اور چار سال گزرنے کے بعد بھی اس سانحہ کا دکھ اور تکلیف قوم کے ذہنوں آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے سے پوری قوم لرز گئی تھی اور اس سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی جدوجہد کو متزلزل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن درحقیقت پاکستان اس حملہ کے بعد دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نہ صرف مزید مضبوط اور مستحکم ہوا بلکہ امتحان کی اس گھڑی میں بھی کامیاب رہا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو متحد کر دیا اور ہمیں اپنے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے درست سمت میں رہنمائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کی بہتری اور دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہو گا تاکہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ان کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے تک ہمیں کام کرنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 16 دسمبر کے سانحہ کی برسی کا دن بین الاقوامی برادری کو بھی یہ یاد دہانی کرواتا ہے کہ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور ہمیں مل کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حملے کے دن کے موقع پر ہمیں اس بات کا بھی اعادہ کرنا ہو گا کہ اس طرح کے واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو تاکہ ہمارے بچے اور آنے والی نسلیں پر امن زندگی گزار سکیں اور بلا خوف اپنے خوابوں کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معصوم بچوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھلائیں گے، پاکستان زندہ باد۔