ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے

اتوار 16 دسمبر 2018 15:50

․ پرتھ۔ 16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی کا ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچریاں بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور وہ تیزی سے سابق ہم وطن بلے باز سچن ٹنڈولکر کے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ سنچریوں کے ریکارڈ کی طرف بڑھ رہے ہیں، کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور بنا کر سابق سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا کا زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر کے یہ اعزاز حاصل کیا، کوہلی اور سنگاکارا نے یکساں 63، 63 سنچریاں بنا رکھی ہیں، ٹنڈولکر 100 سنچریاں بنا کر سرفہرست ہیں جبکہ رکی پونٹنگ 71 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جیک کیلس نے 62 سنچریاں بنا رکھی تھیں۔