اے پی ایس سانحہ کا غم آج بھی قوم کے دل اور یاد میں زندہ ہے،معصوم بچوں کا لہو بہاکر ظلم وبربریت کا سفاک باب لکھاگیا‘شہبازشریف

اتوار 16 دسمبر 2018 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر اپنے پیغام میں کہاکہ 2014میں ہونے والے سانحہ کا غم آج بھی قوم کے دل اور یاد میں زندہ ہے۔معصوم بچوں کا لہو بہاکر ظلم وبربریت کا سفاک باب لکھاگیا۔نوازشریف کی قیادت میں پوری قوم، سیاسی وعسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

قوم کی اجتماعی سوچ نے دہشت گردی کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ا نہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ شہداکی قربانیوں سے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔مسلح افواج، رینجرز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اے پی ایس سمیت تمام شہداکے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں دعاہے کہ اللہ تعالی شہداکو بہترین اور اعلی درجات عطافرمائے، غمزدہ خاندانوں کو صبرجمیل دے۔