وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیتاب

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ ،ہیومن رائٹس کمیشن اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھ دئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 16 دسمبر 2018 16:36

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-16 دسمبر 2018ء ) :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز سے اٹھانے کے لیے اقوام متحدہ ،ہیومن رائٹس کمیشن اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھ ئیے۔تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و ستم کی داستانیں 7دہائیوں پر محیط ہیں ۔ان 70 سالوں میں بھارتی فوج نے بربریت کی وہ وہ داستانیں رقم کیں جن کو سن کر انسانیت کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔

ان 70سالوں میں وادی کشمیر کی آزادی کی تحریک بہت سے نشیب و فراز سے گزری تاہم کوئی بھی ظلم اور دباو کشمیری عوام کی اس جدوجہد کو دبا نہ سکا۔بھارت فوج نے ہر حربہ اپنا کر دیکھ لیا تا ہم اس حوالے سے انہیں ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی۔گزشتہ دو دہائیوں میں جتنا عروج تحریک آزادی کشمیر کو برہان وانی کی شہادت کے بعد ملا اسکی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

یہ تحریک اب ایک ایسا طوفان بن چکا ہے جس کو روکنا بھارتی فوج کے بس کا کھیل نہیں ہے۔

اس حوالے سے بھارت فوج کے اکثر افسران بھی حقیقت کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں تاہم بھارت اپنی ڈھٹائی اور اٹوٹ انگ کے راگ الاپنے سے باز نہیں آتا۔یہاں تک کہ بھارت کی یہ غیر انسانی ضد اب تک سینکڑوں کشمیریوں کی جان لے چکی ہے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ نے بھی کشمیریوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے پردہ اٹھاتے ہوئے ،رپورٹ جاری کردی ہے۔بھارت نے اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد اپنی غلطی سدھارنے کی بجائے اقوام متحدہ کی رپورٹ ہی مسترد کر چکا ہے۔

تاہم اس حوالے سے پاکستان نے ٹھوس قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل14 کشمیری بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔کل300 سے زائد کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے زخمی کیا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے۔دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہو سکتی۔

مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کیخلاف آواز اٹھے گی۔انکا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر پر خط لکھا ہے۔سیکریٹری جنرل او آئی سی کو بھی خط لکھا ہے۔سیکریٹری جنرل او آئی سی کو کشمیر کی حالیہ صورتحال پر توجہ مبذول کرائی۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات کی۔انہوں نے اپیل کی کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔