سانحہ اے پی ایس کی یاد اب بھی قوم فراموش نہیں کرسکی،16 دسمبر دہشت گردی کیخلاف عزم کی تجدید کا دن ہے،امیرمقام

اتوار 16 دسمبر 2018 17:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نیAPS کے بچوں کی شہادت کو قومی تاریخ کا ایک کربناک باب قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ 16دسمبر2014کو ہونے والے سانحہ کی یاد اب بھی قوم فراموش نہیں کرسکی،یہ پاکستانی قوم کے دہشت گردی کیخلاف عزم کی تجدید کا دن ہے۔

(جاری ہے)

اتوارکو شہدائے اے پی ایس کی برسی کے موقع پر اپنے رنج وغم اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بچوں کا لہو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔

امیر مقام نے کہاکہ یہ سانحہ تھا جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے سیاسی وعسکری قیادت کی مشاورت سے واضح اور دو ٹوک لائحہ عمل مرتب کیاتھا اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک نکتے پر متحدہ، متفق اور یکسو ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ شہید ہونے والے بچوں کے والدین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہداء کوبلند درجات عطافرمائے اور والدین اور غمزدہ خاندانوں کو صبرجمیل دے۔