ٹیم کرینک ایڈکس کے شاہ ولی کی شہدائے پولیس ورینجرز پیس مشن سائیکل ریس میں شاندار فتح

ٹیم کرینک ایڈکس ہی کے علی الیاس دوئم اور ٹیم کراچی ایکسپریس کے عشارب عبدالمصور سوئم پوزیشن پر رہے

اتوار 16 دسمبر 2018 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) شہدائے پولیس و رینجرز اور آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج کراچی میں ’’شہدائے پولیس و رینجرز پیس مشن سائیکل ریس ‘‘ کا شاندار انعقاد کراچی وسندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی چیف آرگنائزنگ شپ میں کیا گیا ۔ جسٹس ہیلپ لائن کے چیف ندیم شیخ اور سرپرست آتم پرکاش نے مزارقائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے کلیم اعوان کی تیز وسل کے ساتھ فلیگ آف کرکے کیا۔

ٹیم کرینک ایڈکس کراچی کے شاہ ولی نے انتہائی تیز رفتاری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے تمام سائیکلسٹوں کو 3کلومیٹر پیچھے چھوڑدیا اور 60کلومیٹر کا فاصلہ 2گھنٹے 30منٹ میں طے کر کے ریس میں شاندار فتح حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

تیز و تند اور یک بستہ ہواؤں کا سامنا کرتے ہوئے سائیکلسٹوں نے مزارقائد سے روانہ ہوکر گلشن اقبال، گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، نیشنل ہائیوئے اسٹیل ٹاؤن شپ اور واپس کا سفر عوامی مرکز تک کیا ۔

ٹیم کرینک ایڈکس ہی کے علی الیاس نے 2گھنٹے 33منٹ میں دوسری اور ٹیم کراچی ایکسپریس کے عشارب عبدالمصور نے 2گھنٹے 33منٹ 3سیکنڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈی جی پاکستان رینجرز سندھ ،آئی جی سندھ پولیس اور کیپٹل پولیس چیف کراچی نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کررکھے تھے اور موٹر سائیکل سوار کمانڈوز ، ٹریفک سارجنٹس ، پولیس موبائلز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے انتہائی کامیابی و کامرانی سے ریس کو ہمکنار کیا۔ ریس کے اختتام پر مہمان خصوصی ندیم شیخ اور صدار تی مہمان آتم پرکاش نے پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں اور خصوصی اسناد تقیسم کیں۔