ملازمین کمپنی کی نمبر ون حیثیت برقرار رکھنے اور صارفین کو مثالی خدمات کی فراہمی کیلئے سخت محنت کریں، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو

اتوار 16 دسمبر 2018 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) آئیسکوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری شاہد اقبال نے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ کمپنی کی نمبر ون حیثیت برقرار رکھنے اور صارفین کو مثالی خدمات کی فراہمی کیلئے سخت محنت کریں اور اپنے آپ کو وقت کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں،کارکنوں کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے کیونکہ انکی محنت اور قربانیوں کی وجہ سے یہ پاکستان کی نمبر ون کمپنی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین( سی بی ای) کے زیر اہتمام آبپارہ کمیونٹی سنٹر کے آڈیٹوریم میں یونین عہدیداروں کی حلف برداری اور اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آئیسکو کے سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد ، یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد، ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ ، سیکرٹری حاجی ظاہر گل، آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر محسن گیلانی، سیکرٹری آغا فاروق اور دیگر راہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی سرکل کے زونل چیئرمین طارق نیازی، آفتاب رفیق، جی ایس او سرکل کے زونل چیئرمین محمد رمضان جدون، حمید اللہ شاہ کاظمی، اسلام آباد سرکل کے فاروق شاہ، اٹک سرکل کے ثمر بخاری،رحیم شاہ، جہلم سرکل کے عبدالجبار،سکندر سندھو،چکوال سرکل کے سیار خان، کنسٹرکشن کے انارگل، جی ایس سی سرکل کے محمد ریاض، ایم اینڈ ٹی کے ملک عبدالقادر اور دیگر عہدیداروںکے علاوہ ڈی جی ایڈمن امام احمد، جی ایم ٹیکنیکل خالد نذیر، ایس ای اٹک چوہدری منظور، ایس ای جی ایس او مراد علی، ایس ای جہلم عبدالجبار و دیگر آئیسکو افسران اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خورشید احمد نے حالیہ یونین الیکشن میں منتخب ہونے والے ریجنل، زونل،ڈویژنل اور سب ڈویژنل عہدیداروں سے حلف لیا۔ انہوں نے آئیسکو کے نئے چیف ایگزیکٹو چوہدری شاہد اقبال کو پھولوں کے ہار پہنائے اور سابق چیف ایگزیکٹو باسط زمان کو ادارے کیلئے خدمات کے اعتراف میں یونین کی جانب سے خصوصی شیلڈز پیش کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے چیف ایگزیکٹو چوہدری شاہد اقبال نے مزید کہا کہ آئیسکو صارفین کیلئے بجلی کے تسلسل اور خدمات کی فراہمی کیلئے کوشاں لائن سٹاف کی پیشہ ورانہ صحت و سلامتی ہماری ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہے گی جبکہ بجلی چوری کے تدارک اور نادہندگان سے ریکوری پر مامور عملے کی غنڈہ عناصر سے حفاظت کیلئے بھی اضافی اقدامات کیے جائیں گے۔

ملازمین بجلی چوری اور کرپشن کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کی کامیابی کیلئے سخت محنت اور دیانت سے کام کریں نئے کنکشنز کی جلد از جلد فراہمی کیلئے صارفین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں اور انہیں کسی صورت بلاجوازتکلیف نہ ہونے دیںمیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کمپنی میں کسی ملازم کا کام نہیں رکے گا اور ملازمین کے مطالبات کے حوالے سے یونین کے ساتھ طے شدہ فیصلوں پر عمل کیا جائے گا۔

قبل ازیںخورشید احمد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا منصب سنبھالنے پر چوہدری شاہد اقبال کو مبارک باد پیش کی اور ادارے کی بہتری، صارفین کی خدمت اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے یونین کی جانب سے انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔خورشید احمد نے اپنے خطاب میںنئے چیف ایگزیکٹو کو آئیسکو ملازمین کی ترقی، علاج و تعلیم، رہائش اور دوران کار تحفظ و سلامتی کے حوالے سے درپیش مسائل اور کارکنوں کے مطالبات سے آگاہ کیااور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا ۔تقریب کے اختتام پر ادارے میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔