مقبوضہ کشمیر: حریت رہنمائوں کی طرف سے پلوامہ میں نہتے شہریوں کے قتل عام کی مذمت کا سلسلہ جاری

بھارتی فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جو بھی ان کے راستے میں آتا ہے ، اسے تباہ کردیتے ہیں

اتوار 16 دسمبر 2018 18:40

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ضلع پلوامہ میں نہتے شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی حکومت اور اس کے کٹھ پتلیوں کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی قراردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں ضلع پلوامہ میں نہتے شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اسے بہیمانہ قراردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیںاور دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے اور کشمیری بھارتی فوج کا بھرپور مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جو بھی ان کے راستے میں آتا ہے اسے تباہ کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے ایک بیان میں پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک درجن کے قریب افراد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔

بیان میں کہاگیا کہ جوکچھ بھی پلوامہ میں ہوا اسے کشمیر میں بھارتی مظالم کی عکاسی ہوتی ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارت کشمیرکو اپنی مفتوحہ کالونی سمجھتا ہے ۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان اعلیٰ ایڈووکیٹ زاہد علی نے سرینگر میں ایک بیان میں پلوامہ قتل عام پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے بھارت کا ظالمانہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیاہے۔

جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں پر گولیاں برسانا بربریت ہے۔ جموںوکشمیر ایمپلائز مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر میںجاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ہرقسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری اپنے بیان میں پلوامہ میں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ظلم وبربریت کی انتہا ہے۔ KMS-07/S