Live Updates

آصف زرداری ایک تیر سے تین شکار کرنا چاہتے ہیں،خود کو سیاست کا تیس مار خان سمجھتے ہیں‘ فیاض الحسن چوہان

آصف زرداری نے کرپشن، غنڈا گردی، قتل و غارت، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کا انت مچایا ہوا تھا ،اب چھری کے نیچے آگئے ہیں سابق صدر دراصل وہ دیا ہیں جو بجھنے سے پہلے آخری بار ٹمٹما تا ہے، آج کل جلسوں پہ زور اسی بجھنے سے پہلے والے دیئے کی ٹمٹماہٹیں ہیں

اتوار 16 دسمبر 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری ایک تیر سے تین شکار کرنا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ، فوج اور حکومت کو ایک ساتھ بلیک میل کیا جائے اور احتساب سے جان چھڑوا لی جائے،آصف زرداری کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اب کوئی ادارہ بلیک میل نہیں ہو گا، آصف زرداری نے کرپشن، غنڈا گردی، قتل و غارت، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کا انت مچایا ہوا تھا لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی کبھی تو چھری کے نیچے آئے گی کہ مصداق سابق صدر بھی عنقریب احتساب کی چھری کے نیچے آنے والے ہیں۔

آصف زرداری کے پارٹی جلسے سے خطاب اور صحافیوں سے کی گئی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ زرداری صاحب کو تین سال پہلے ایک اشارہ ملا تھا جب انہوں نے کہا تھا کہ اینٹ سے اینٹ بجادوں گا اور وہ اینٹیں ڈھونڈنے دبئی چلے گئے تھے، یہ سمجھتے ہیں میں سیاست کا تیس مار خان ہوں، آپ جوڑ توڑ کے نہیں توڑ پھوڑ کے بے تاج بادشاہ تھے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آصف زرداری نے پچھلے دس سال کھربوں روپے کی لوٹ مار اور بد معاشی کی اور یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں آگیا ہے۔آصف زرداری کچھ عوامل کی وجہ سے بلیک میلنگ کر رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں عمران خان کو لایا گیا ،میں پوچھتا ہوں ان کے صدر بننے سے پہلے فزیشن کی رپورٹ ہے کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں اور وہ صدر پاکستان بن ہی نہیں سکتے تھے تو انہیں کون لایا اور انہیں کیسے صدر پاکستان بنایا گیا،انہیں پہلے این آر او کی سیڑھی چڑھایا گیا، پھر میثاق جمہوریت کے ذریعے دوسری سیڑھی اور کونڈ لیزا رائس کے ذریعے تیسری سیڑھی چڑھایا گیا، پہلے اپنے گریبان میں تو جھانکیں۔

انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب، سندھ اور خیبر پختوانخواہ میں 350 ووٹوں کی جماعت بن چکی ہے، چاہے کھربوں روپے لگادیں یہ پنجاب میں 50 ہزار افراد کا جلسہ نہیں کرسکتے۔زرداری صاحب کے حالیہ بیانات، جلسے اور پریس کانفرنسیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کو اپنی سیاسی موت قریب نظر آرہی ہے۔ سابق صدر دراصل وہ دیا ہیں جو بجھنے سے پہلے آخری بار ٹمٹما تا ہے۔

آج کل جلسوں پہ زور اسی بجھنے سے پہلے والے دیئے کی ٹمٹماہٹیں ہیں۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر اور ان کی جماعت کے پلے کچھ نہیں ہے، جیب میں نہیں دھیلا دیکھنے چلے میلہ کے مترادف خیبر پختوانخواہ اور پنجاب میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر تین سو سے ساڑھے تین سو ووٹ لینے والی جماعت اور اس کے شریک چیئرمین کے اگلا انتخابات جیتنے کے دعوے حیران کن ہیں۔

ایک زرداری ساری پیپلز پارٹی پر بھاری ثابت ہوا ہے۔ اپنی کرپشن اور لوٹ مار سے موصوف نے اپنی پارٹی کا صرف ستیاناس نہیں بلکہ سوا ستیاناس کر دیا ہے۔ ان کا دعوی کہ اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی بلی کو چھیچھڑوں کے خواب کے برابر ہے۔ مسٹر ٹین پرسنٹ سے مسٹر سنٹ پرسنٹ بن کر، اپنی مرحومہ زوجہ کی جعلی وصیت تیار کروا کر حکومت اور پارٹی پر قبضہ کرنے والے کا حساب کتاب کڑا ہو گا۔

بات پھر وہی ہے کہ پاکستان کی سیاست میں زرداری صاحب کا نہ دل لگ رہا ہے نہ دا لگ رہا ہے اس لئے اول فول بیانات داغ رہے ہیں۔ خود وہ اور ان کی ہمشیرہ صاحبہ تو کرپشن میں لتھڑی ہوئی تھیں اب ساتھ بلاول زرداری کو ابھی اس دلدل میں دھکیل لیا ہے۔ زرداری صاحب کو بمعہ اہل و عیال یہ جان لینا چاہیے کہ اب غنڈہ گردی اور اداروں کے خلاف بیان بازیاں کر کے کوئی این آر او نہیں ملے گا۔

نواز شریف، مریم صفدر اور خواجہ برادران سے متعلق سوال پر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ سارے کے سارے اپنے ہمدردوں کے حلقے میں منتیں ترلے کرتے پھر رہے ہیں کہ ہمیں ملک سے باہر بھیج دیا جائے اور کسی بھی طرح اس احتساب سے ہماری جان چھڑوا دی جائے۔بعد ازاں پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شہلا رضا کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام کے ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موصوفہ کی اخلاقی حالت ان کے الفاظ سے ظاہر ہے۔ میں ان کے خلاف کچھ نہیں بولوں گا کیونکہ بحیثیت حوا کی بیٹی وہ میرے لیے قابل احترام ہیں۔ مگر زرداری کی کرپشن اور بددیانتی کے خلاف میں آواز بلند کرتا رہوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات