اے این پی کی ملکی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو ممبر سازی مہم کا جائزہ لینے کی دعوت

عوام کی طرف سے ممبر سازی میں غیر معمولی دلچسپی اے این پی پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے

اتوار 16 دسمبر 2018 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و چیئرمین صوبائی الیکشن کمیشن سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں اے این پی کی ممبر سازی مہم زور وشور سے جاری ہے اور عوام کی طرف سے ممبر سازی میں غیر معمولی دلچسپی اے این پی پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع سورا تحصیل مندنڑ بونیر میں پارٹی رہنما امیر سلطان خان کے حجرے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انہوں نے پارٹی کارکنوںکو ہدایت کی کہ وہ ممبر سازی مہم کے دوران گھر گھر اے این پی کا پیغام پہنچائیں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو پارٹی کا حصہ بنانے کیلئے دن رات انتھک محنت کریں ، سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی ایک جمہوری اور تنظیمی پارٹی ہے اور اس کے کارکن ہر چار سال بعد آزادانہ رائے کے ذریعے اپنے لئے تنظیمیں بناتے ہیں ، انہوں نے ملکی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو اے این پی کی ممبر سازی مہم میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ وہ آئیں اور اے این پی میں ہونے والے اس جمہوری عمل کا خود جائزہ لیں،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ممبر سازی کا عمل بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا ، سردار بابک نے کہا کہ اس بار ممبر سازی مہم میں خواتین اور اقلیتی برادری کو پارٹی کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پارٹی کی خواتین رہنماؤں کو اس حوالے سے کام کرنا چاہئے اور ممبر سازی کے عمل میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی ممبر سازی کے عمل سے محروم نہ رہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد پارٹی ہے جس میں پارٹی کا ادنیٰ کارکن بھی جمہوری طریقے سے پارٹی کی صوبائی و مرکزی تنظیموںاور آئینی اداروں کا عہدیدار اور ممبر بن سکتا ہے، اس موقع پر سید معمبر باچہ، ڈاکٹر عمر حیات خان، اشتر خان اور ضلعی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار جہان خان سمیت پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔