Live Updates

ْہمیں اسلام کی حقیقی روح کے احیاء کیلئے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا،شہریار آفریدی

اے پی ایس حملے نے بغداد کے مادر علمی پر ہلاکو کے حملے اور مسلمانوں کے زوال کا زخم تازہ کیا،وزیر مملکت برائے داخلہ کا سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پیغام

اتوار 16 دسمبر 2018 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر دہشت گردی کے عفریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قومی عزم اور اتحاد کی تجدید کا دن ہے ، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اسلام کی حقیقی روح کے احیاء کیلئے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہے۔ اے پی ایس حملے نے بغداد کے مادر علمی پر ہلاکو کے حملے اور مسلمانوں کے زوال کا زخم تازہ کردیا ۔

دشمن کے ہر حربے کا ناکام بنانے کیلئے پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور افواج پاکستان کے ہمراہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے۔آرمی پبلک سکول کا سانحہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک نازک موڑ ہے۔ ان نرم نازک معصوم بچوں کا قتل کر کے دشمن نے اس بات کے ثبوت دیا ہے کہ اس کا کوئی نظریہ ہے نہ کوئی سوچ اور نہ ہی اس کا تعلق کسی مذہب یا کسی مسلک سے ہے۔

(جاری ہے)

ان معصوم بچوں کی شہادت نے ہماری قوم کی روح کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا۔ اس دن سے لے کر آج تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی کونے سے کوئی صدائے احتجاج بلند نہیں ہوئی ساری قوم نے یک زبان ہوکر مطالبہ کیا کہ ان جہنم کے بھیڑیوں کو جلد از جلد جہنم واصل کیا جائے۔ میں بحیثیت وزیر داخلہ کے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان بے زبان تصویروں میں نظر آنے والے معصوم شہید بچے ہماری تحریک کو اور ہمارے ارادے کو کمزور نہیں پڑنے دیں گے۔ دہشت گردوں کا پیچھا ہر وادی ہر گھاٹی اور ملک کی سرحد کے آخری کونے تک کیا جائے گا۔ یہ قوم یہ حکومت اور یہ مسلح افواج یکجان ہو کر دہشت گردی کے عفریت کو اس کے برے انجام تک پہنچائیں گی
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات