Live Updates

سید ذوالفقار بخاری نے وزیر اعظم عمران خان سے محنت کشوں پر مبنی اپنے منصوبوں پر شاباش لے لی

اتوار 16 دسمبر 2018 20:00

سید ذوالفقار بخاری نے وزیر اعظم عمران خان سے محنت کشوں پر مبنی اپنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان جہاں اپنی کابینہ کے اراکین کی 100روزہ کارکردگی پر مطمئن دکھائی دیئے وہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقار بخاری ملک کے چیف ایگزیکٹو سے محنت کشوں پر مبنی اپنے منصوبوں پر شاباش لینے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

وزیر اعظم نے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل بالخصوص اس کے غریب مزدوروں اور بیرون ملک جانے والی افرادی قوت سے متعلق اقدامات کی تعریف کی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک روزگار کے لئے جانے کے خواہشمند تارکین وطن کے لئے نائیکوپ کے خاتمہ اور علاقائی دفاتر میں بائیو میٹرک تصدیق کے نظام کی تنصیب دو بڑے منصوبے ہیں جنھیں وزیر اعظم نے سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے میری وزارت کو تارکین وطن پاکستانیوں کو مراعات کے لئے چیلنجر بنک کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ حکومت کی مدت کے ایام میں کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کو 100روز کے دوران اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

جن میں وزارت کیذیلی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن، نائیکوپ کا خاتمہ، قطر کے ویزہ کے لئے سہولت سنٹر کا قیام اور نیا پاکستان کالنگ پورٹل کے اجراء کے منصوبے شامل تھے۔ذوالفقار بخاری نے کہا کہ وزارت سمندرپار پاکستانی تارکین وطن پاکستانیوں اور ان کے بچوں کے مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانے اور بیشتر اہداف مکمل کر کے وزیر اعظم کے 100روزہ انقلابی ایجنڈے پر عملدرآمد میں سبقت لے گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حال ہی میں نصب کر دہ سرزمین کالنگ، تارکین وطن کی بائیومیٹرک تصدیق کا نظام، نیا پاکستان کالنگ اور ای۔گورننس سسٹم، قطر ویزا سہولت سنٹر اور بنکنگ چینلز کو مضبوط و مستحکم بنانے کے اقدامات بھی ان کی وزارت کے بڑے اقدامات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی وزارت ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس(ای او بی آئی) کے پنشنرز کی پنشن 5250 روپے سے بڑھا کر 6500 روپے کرنے پر بھی کام کر رہی ہے اور تارکین وطن کی شکایات کی وصولی اور ان کے ازالے کے لئے ہفتہ کے تمام دن 24گھنٹے ڈیجیٹل شکایت سنٹر کال سر زمین کام کر رہی ہے جو ان کی وزارت کی ایک دوسری بڑی کامیابی ہے۔

زوالفقار بخاری نے یہ بھی آگاہ کیا کہ نیا پاکستان کالنگ کا اقدام بیرون ملک مقیم ہنرمند پاکستانی تارکین وطن کو قومی ترقی کے لئے اپنے خیالات اور تجربات کے تبادلہ کا ایک گیٹ وے بھی ثابت ہو گا جبکہ وزارت کی ویب سائٹ کو بھی فعال اور جدید بنایا گیا ہے تاکہ تارکین وطن اور عوام الناس وزارت کے انقلابی اقدامات سے مستفید ہونے کے لئے معلومات حاصل کر سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات