اے پی ایس کے شہداء نے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب لایا، خالد خان

اتوار 16 دسمبر 2018 20:00

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) سرپرست اعلیٰ چھچھ محافظ کمیٹی محمد خالد خان اور جرنلسٹ نثار علی خان نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے مگر ماؤں کے کان آج بھی اپنے جگر گوشوں کی آواز سننے کو ترستے ہیں، سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کے نام سے سرکاری سکولوں کو منسوب کرکے سید اقرار الحسن نے اس کو پھر سے تازہ کر دیا ہے، جس طرح انہوںنے بعض خستہ حال سرکاری سکولوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد انہیں اے پی ایس شہداء بچوں کے نام سے منسوب کرکے کارنامہ سرانجام دیا ہے یہ تعلیم کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر ٹیم سرعام نثار علی خان، ذیشان احمد اور حمزہ شیخ کی طرف سے ویلکن گرامر ہائی سکول حضرو میںمنعقدہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ویلکن گرامر ہائی سکول کے سکاؤٹس نے شہداء کو سلامی پیش کی اور طالبات نے ’’ مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے ‘‘ نغمہ پیش کیا، مقررین نے سید اقرار الحسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس عظیم مشن کیلئے جدو جہد کررہے ہیں اس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے ۔