Live Updates

پیپلزپارٹی محدود نہیں ہوئی محدود کرائی گئی ہے،آصف زرداری

ہمیں خیبرپختونخواہ اور بلوچستان جانے نہیں دیا جاتا ، بلاول بھٹو خیبرپختونخواہ گئے کہاگیا کہ موسم خراب ہے، اسی وقت عمران خان وہاں چلے گئے آج کل سیاست کا نیا بوٹا لگایا گیا ہے ، کچھ دوست اس میں پانی ڈال رہے ہیں لیکن یہ پھل نہیں دے گا اس لئے کہ ان کو پھل لینا نہیں آتا اور اس کو پھل دینا نہیں آتا یہ پکڑ دھکڑ اور بزنس مین کو مارنا چھوڑ دیں تو کچھ دھندا چلے ، یہاں نہ دکانیں چل رہی ہیں اور نہ بزنس چل رہا ہے، رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت

اتوار 16 دسمبر 2018 20:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے شریک چیئرمین اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی محدود نہیں ہوئی محدود کرائی گئی ہے۔ ہمیں خیبرپختونخواہ اور بلوچستان جانے نہیں دیا جاتا ۔ بلاول بھٹو خیبرپختونخواہ گئے تو کہاگیا کہ موسم خراب ہے اور اسی وقت عمران خان وہاں چلے گئے۔

وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ آپ دکانیں توڑ رہے ہیں ، آپ نے روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا ، ہر حکومت سے لوگوں کی امید ہوتی ہے کہ روزگار ملے گانہ کہ روزگار چھین لیا جائے۔ آپ نے کراچی کی ایمپریس مارکیٹ توڑ دی ہے وہ 50سال پرانی مارکیٹ تھی، پہلے اس کے متبادل بلڈنگ بناکر دکانداروں کو منتقل کرتے پھر توڑ پھوڑ کی جاتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ انڈر 19 کے کھلاڑی ہیں ، سیاست سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے ، سیاست میں ہر قدم اس طرح لیا جاتا ہے کہ اس کے سو سال بعد کیا ہوگا۔ ہم نے ہمیشہ سوچ سمجھ کر سیاست کی ہے ، پیپلزپارٹی نے پہلے بھی بھٹو صاحب کی سیاست کو اس لئے قبول کیا ہے کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ ادارے کمزور ہو اور اب بھی نہیں چاہتے کہ ادارے کمزور ہوںکیونکہ اگر ادارے کمزور ہوتے ہیں تو ایک اور فورس کھڑی ہے جو مشتعل بھی ہے اور جنونی سوچ رکھتی ہے اس کو آگے لانا نہیں چاہتے اس لئے ہم ہمیشہ موقع دیتے ہیں یہ ہماری کمزوری نہیں ہے نہ ہی ہمیں ان سے اقتدار لینا ہے ، ہم ان سے درمیانہ راستہ لیں گے ، اقتدار میں تو ہم خود ہی آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت احمقوں کی حکومت ہے ان کو سمجھ نہیں آرہا 18 ویں ترمیم میں کچھ صوبوں کو زیادہ حصہ ملا ہے، صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ یہ نہیں ہے کہ اسلام آباد مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہمارے بچوں کو خیبرپختونخواہ میں شہید کیا گیا تھا جو قابل مذمت ہے، میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان کے قاتلوں کو گرفتار کرے، ان بچو ں کے والدین کو صبر نہیںآتا کیونکہ ان کے مجرم ابھی تک نہیں پکڑے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج کل سیاست کا نیا بوٹا لگایا گیا ہے ، کچھ دوست اس میں پانی ڈال رہے ہیں لیکن یہ پھل نہیں دے گا اس لئے کہ ان کو پھل لینا نہیں آتا اور اس کو پھل دینا نہیں آتا۔ اگر یہ پکڑ دھکڑ اور بزنس مین کو مارنا چھوڑ دیں تو کچھ دھندا چلے ، یہاں نہ دکانیں چل رہی ہیں اور نہ بزنس چل رہا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات