راولپنڈی شیلٹر ھوم کا افتتاح رواں ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے

اتوار 16 دسمبر 2018 20:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) بے سہارا ،غریب و نادار افرادکے لیے راولپنڈی شیلٹر ھوم کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار رواں ہفتے میں کریں گے ۔چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی نے اتوار کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ راولپنڈی شیلٹر ھوم کے افتتاح کے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں اور اس کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب رواں ہفتے میں کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ شیلٹر ھوم کے قیام کا مقصد غریب ،بے سہارا اور بے گھر افراد کو سہولیات کی فراہمی ہے ۔چیئرمین آر ڈی اے نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ راولپنڈی میں ابتدائی طور پر راجہ بازار پارکنگ پلازہ کے تہہ خانے میں 150افراد کو سہولت کی فراہمی کے انتظامات کیے گئے ہیں تاھم بعد ازاں بتدریج اس سہولت کو 600سے 700افراد کے لیے وسیع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عارف عباسی نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ موزوں جگہ کی دستیابی تک پارکنگ پلازہ کے تہہ خانہ میں شیلٹر ھوم کا عارضی قیام کیا جا رہا ہے جبکہ جگہ کی دستیابی کے بعد ایک باقاعدہ شیلٹر ھوم کی عمارت تعمیر کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ شدید سردی کے موسم میں بے گھر و بے سہارا افراد کو جلد از جلد رہائش کی فراہمی کے لیے پلازہ کے تہہ خانہ کا انتخاب کیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد کھلے آسمان تلے راتیں بسر کرنے والوں کی عزت نفس کی بحالی کے ساتھ ساتھ ریاست کی معاشرتی ذمہ داریوں کو وسعت دینا بھی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں عارف عباسی نے بتایاکہ شیلٹر ھوم کے قیام کے اخراجات مخیر اور صاحب ثروت حضرات برداشت کریں گے۔واضح رہے کہ قبل ازیں آر ڈی اے نے لیاقت روڈ پر گورڈن کالج کے سامنے راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی عمارت میں شیلٹر ھوم کے قیام کی منصوبہ بندی کی تھی تاھم بعض قانونی پیچیدگیوں کے باعث یہ منصوبہ موخر کیا گیا تھا ۔