پی آئی اے کے 46 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف

اتوار 16 دسمبر 2018 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) سول ایوی ایشن (سی اے اے ) حکام نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) کے 46 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف کیا ہے۔سی اے اے کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کے 4 سو 98 پائلٹس میں سے 4 سو 49 نے ڈگریاں جمع کروائیں، 37 پائلٹس نے اب تک ڈگریاں جمع نہیں کروائیں۔اس کے ساتھ ہی کیبن کریو کے ایک ہزار 8 سو 64 ملازمین میں سے ایک سو 46 نے ڈگریاں نہیں جمع کروائیں تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کاک پٹ کے ایک ہزار ایک سو 84 ملازمین کی ڈگریاں متعلقہ تعلیمی بورڈز کو بھجوائی گئی تھیں جن میں سے 3 ملازمین کی ڈگریاں جعلی نکلیں۔دستاویزات کے مطابق کاک پٹ کے 3 اور کیبن کریو کے 43 ملازمین کی ڈگریاں جعلی قرار پائیں جن میں سے کاک پٹ کے تینوں ملازمین کو معطل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

ایوی ایشن حکام کے مطابق جعلی ڈگری کے حامل ملازمین کی تصدیقی رپورٹ متعلقہ افسران کو ارسال کردی گئی ہیں اور جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں پاکستان ایئر لائنز (پی آئی ای) اور سول ایوی ایشن (سی اے ای) کے سربراہان کو طلب کر لیا۔اس کے علاوہ عدالت عظمیٰ نے جعلی ڈگری ہولڈرز کا تمام ریکارڈ بھی ماتحت عدالتوں سے طلب کر لیا جبکہ ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے والی یونیورسٹیز کے سربراہان کو بھی طلب کرلیا گیا۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے پائلٹس اور ائیر لائن عملے کی جعلی ڈگریوں کے کیس کی سماعت کی تھی۔