فرنیچر سیکڑ کی برآمدات میں اضافہ کیلئے مینوفیکچررز کو خصوصی مراعاتی پیکج دیئے جائیں گے،عبدالرزاق دائود

حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت آئندہ مہینوں میں بہتر ہوگی،نمائش سے لوگوں کو پاکستانی ہنرمندوں کی تیار کردہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار اور ڈیزائن کے بارے میں بھی آگاہی حاصل ہو گی،مشیر وزیر اعظم کا ہ بین الاقوامی میگا نمائش ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب

اتوار 16 دسمبر 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں ’’میڈ ان پاکستان‘‘ مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور فرنیچر سیکڑ کی برآمدات میں اضافہ کیلئے مینوفیکچررز کو خصوصی مراعاتی پیکج دیئے جائیں گے۔

وہ پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر میں منعقدہ بین الاقوامی میگا نمائش ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے شاندار نمائش کے انعقاد پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت کی مضبوطی اور مقامی برانڈز کی ثقافت کو فروغ دینے کے ضمن میں پی ایف سی کی خدمات اور کام قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت آئندہ مہینوں میں بہتر ہوگی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے لوگوں کو پاکستانی ہنرمندوں کی تیار کردہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار اور ڈیزائن کے بارے میں بھی آگاہی حاصل ہو گی۔ عبدالرازق دائود نے کہا کہ اس صنعت سے وابستہ کارکن بہت باصلاحیت ہیں اور اگر ان کے اس ہنر اور پوٹینشل کا مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو پاکستان فرنیچر کا بہترین برآمد کنندہ بن سکتا ہے اور فرنیچر انڈسٹری کی ترقی کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے نمائش میں مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا اور ڈسپلے کی گئی مختلف اشیاء کی کاریگری، معیار اور ڈیزائن کی تعریف کی۔ اس موقع پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے اختتامی تقریب میں شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ملک کی کاروباری برادری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا کے نفاذ اور موجودہ اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف سی فرنیچر برانڈز کے فروغ اور اندرون و بیرون ملک کے خریداروں کے ذوق جمالیات کے مطابق عالمی معیار کے جدید ڈیزائن کے فرنیچر کی تجارت کے فروغ کے لئے مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اچھے برانڈز کو فروغ دے کر امریکا اور یورپ کو فرنیچر کی ایکسپورٹ میں خاطر خوا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرنیچر سیکٹر کے تحفظ کے لئے مناسب پالیسیوں کی ضرورت ہے تاکہ ہم صحیح طریقے سے آگے بڑھ سکیں، فی الحال ہم قیمتوں کی وجہ سے چینی مارکیٹ سے مقابلہ نہیں کرسکتے، جو زیادہ بہتر ماہر لیبر کی دستیابی سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں ایک ہزار سے زائد ٹیکنیکل اسکول ہیں جہاں کم از کم ایک کروڑ دس لاکھ افراد کو داخلہ دیاجاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ان کے پروگرام مقامی مارکیٹ کیلئے سود مند ہوں۔ انہوں نے حکومت اور عوام پر زور دیا کہ مقامی صنعت کی سرپرستی کیلئے فرنیچر کی مقامی مصنوعات اور برانڈز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ اسے تحفظ مل سکے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چنیوٹ میں تیار ہونے والا فرنیچر ملکی ڈیمانڈ کا 80 فی صد پورا کرتا ہے۔ ہینڈی کرافٹس کی صنعت کو شامل کر لیا جائے تو یہ سیکٹر تقریبا 50 ہزار افراد کو روزگار فراہم کررہا ہے اور مقامی صنعت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اختتامی تقریب میں مشیر عبدالرازق دائود نے اسٹال ہولڈرز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جبکہ پی ایف سی کے سربراہ میاں کاشف نے مشیر برائے تجارت کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :