پیپلزپارٹی کبھی نہیں چاہتی حکومت ختم ہو ہاں یہ خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماریںتووہ الگ بات ہے‘ اعتزاز احسن

حکومتی اراکین کے خلاف ایکشن نہیں ہو رہا تو احتساب پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ‘ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے

اتوار 16 دسمبر 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ محاز آرائی سے گریز اور پارلیمانی ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے حکومت کو برداشت کے کلچر کو اپنانا ہوگا،حکومت کے وزرا ء لانگ ہینڈ بیٹ سے بیٹنگ کر رہے ہیں اگر یہ تحمل سے کھیلے تو ممکن ہے اننگز پوری کریں گے۔

(جاری ہے)

بشپ الیگزینڈر جان ملک کی کتاب ’’مائی پاکستان دی سٹوری آف بشپ ‘‘کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے چاہتی ہے حکومت پانچ سال پورے کرے، پیپلزپارٹی نے یہی رویہ (ن) لیگ کے ساتھ بھی رکھا تھا اور چاہتے تھے کہ وہ بھی دور حکومت پورا کرے۔

پیپلزپارٹی کبھی نہیں چاہتی کہ حکومت ختم ہو ہاں حکومت خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مارے تووہ الگ بات ہے۔انہوںنے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ احتساب ٹھیک ہو رہا ہے مگر جن اراکین کا حکومت کے ساتھ الحاق ہے ان کے خلاف اس طرح ایکشن نہیں ہو رہا تو احتساب پر یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، یکطرفہ احتساب کی حمایت نہیں کی جاسکتی اسی وجہ سے حکومت پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔