پاکستان اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تغیر کی کانفرنس آف پارٹیز کا نائب صدر اور نمائندہ منتخب ہو گیا

اتوار 16 دسمبر 2018 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تغیر کی کانفرنس آف پارٹیز کا نائب صدر اور نمائندہ منتخب ہو گیا ہے۔ یہ انتخاب پولینڈ کے شہر کیٹووائس میں کوپ24کے دوران کیا گیا۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ایشیاء بحرالکاہل گروپ سے شامل دو ممالک میں سے ایک ہے جسے اس عہدے کے لئے 15دسمبر کو منتخب کیا گیا ہے۔

جن دیگر تنظیموں میں پاکستان نے نشستیں حاصل کی ہیں ان نے کلین ڈویلپمنٹ میکانزم (سی ڈی ایم) کا ایگزیکٹو بورڈ، سٹینڈنگ کمیٹی آف فنانس (ایس سی ایف)، ایڈیشن کمیٹی (اے سی، کنسلٹیٹو گروپ آف ایکسپریس (سی جی ای) اور ٹیکنالوجی ایگزیکٹو کمیٹی (ٹی ای سی) شامل ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم جوکوپ 24میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے موسمی تغیر کنونشن کی دوسری بڑی نشست کے علاوہ موسمی تغیر سے متعلق 5دیگر اداروں کے لئے پاکستان کا انتخاب عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے کثیرالجہت شعبوں میں مضبوط اقدامات اور موسمی تغیر سے نمٹنے کے لئے عالمی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہم عالمی اداروں میں پاکستان کا انتخاب اقوام متحدہ کے رکن ممالک میں پاکستان کے تعمیری کردار کے اعتراف کی عکاسی ہے جو پاکستان نے اہم شعبوں میں ادا کیا اور ڈائیلاگ اور کوآپریشن کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوپ کے نائب صدر اور موسمی تغیر کی 5تنظیموں کی نمائندگی کی حیثیت سے پاکستان اقوام متحدہ کے موسمی تغیر سے متعلق فریم ورک کنونشن بالخصوص پیرس معاہدے پر عملدرآمد کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزارت خارجہ اور وزارت موسمی تغیر کے نمائندوں نے کوپ 24کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی کی معاونت کی۔