Live Updates

پاکستان کا یہ حال جنہوں نے کیا وہ آج عوام کے ہمدرد بننے کی اداکاری کررہے ہیں،وفاقی وزیر علی زیدی

اتوار 16 دسمبر 2018 23:00

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے بندرگاہیں و جہاز رانی علی زیدی نے کہا ہے کہ زرداری صاحب کو ڈالرز کا بہت پتہ ہے، ایف آئی اے کو بتادیں تو ملک کا بھلا ہوجائیگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیا سے گفتگو پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئیعلی زیدی نے کہا کہ پریشان نہ ہوں! ہمیں ڈالر کا پتہ ہے کہ وہ قومی خزانے میں ہی جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہآپ کی حکومتیں ڈالر بیرون ملک اپنے خزانوں میں جمع کراتی رہیں، معیشت کے لئے نہیں، آپ اپنے فارن کرنسی اکائونٹس کی فکر کریں جن میں ڈالر بھیجتے رہے۔علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کا یہ حال جنہوں نے کیا وہ آج عوام کے ہمدرد بننے کی اداکاری کرکے کسے بے وقوف بنارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو دلدل میں پھنسا کر آج تماشائی بن کر مزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بائیس سال ان کے طعنے سنتے رہے، آخر کار یہ لوگ میدان سیاست سے ہی باہر ہو گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست کی نیشنل ٹیم نے ملک لوٹنے میں ہیٹرک کی ہے، جمہوریت کے لئے جیل جاتے تو تب بڑی بات تھی۔علی زیدی نے کہا کہ لاوارث کشتیاں اور لانچوں میں اربوں روپے پاکستانی قوم اور سندھ کے عوام کے ہیں، اس بے رحمی کا مظاہرہ کسی اور ملک میں ہوتا تو سانس لینے کی مہلت بھی نہ ملتی۔انھوں نے کہا کہ ان کا تجربہ صرف لوٹنے کا ہے اور ان کی پناہ گاہ جمہوریت ہے،جمہوریت ان کی لوٹ مار، اقرباء پروری، ظلم وبربریت سے بدنام ہوئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات