وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور ایم ایس بینظیر ہسپتال کی لیک کال کا کیس

لیڈی ڈاکٹر اریبہ عباسی مستعفی

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 17 دسمبر 2018 10:23

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور ایم ایس بینظیر ہسپتال کی لیک کال کا ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2018ء) صوبائی وزیر قانون اور ایم ایس بینظیر ہسپتال کی فون کال لیک ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی نے استعفیٰ دے دیا۔ سیکریٹری صحت پنجاب کو بھیجے گئے استعفے میں انہوں نے ایم ایس بینظیربھٹو اسپتال ڈاکٹرطارق نیازی پر پی ٹی آئی سے روابط کا الزام عائد کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹرطارق نیازی ان کے خلاف انتقامی کارروائی کررہے ہیں۔

استعفیٰ میں ڈاکٹر اریبہ عباسی کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ وہ 13 ستمبر2017 کو بینظیر بھٹو اسپتال میں بطور میڈیکل افسر تعینات ہوئیں، 2 ماہ ایمرجنسی میں کام کرنے کے بعد انہیں پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ میں بھیجا گیا جہاں سے 3 ماہ بعد ان کا تبادلہ اسکن ڈیپارٹمنٹ میں کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پوری دلجمعی سے کام کر رہی تھیں کہ 4 دسمبر کو ڈاکٹر طارق نیازی کی جانب سے صرف ان کے ٹرانسفرکا لیٹر ایشو کرتے ہوئے انہیں ایمرجنسی میں تعینات کردیا گیا۔

درخواست کرنے کے باوجود طارق نیازی نے انہیں اسکن ڈیپارٹمنٹ میں ہی رکھنے سے انکار کردیا جبکہ وہ پوری محنت اور لگن سے کام کر رہی تھیں۔ڈاکٹر اریبہ عباسی نے مزید کہا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ طارق نیازی پہلے دن سے ہی میرے والد حنیف عباسی کی وجہ سے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں، ایسی صورت میں میرے کیرئیر کیلئے یہی بہتر ہے کہ میں ان کی سپرویژن میں کام نہ کروں اور استعفیٰ دے دوں۔

یاد رہے کہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر کا تبادلہ نہ کرنے پر بے نظیر ہسپتال کے ایم ایس کو دھمکی دینے والی فون کالز وائرل ہو گئی۔فون کالز کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اپنے سیاسی حریف کی بیٹی لیڈی ڈاکٹر’’اریبہ عباسی‘‘ کا تبادلہ ایمرجنسی سے سکن ڈیپارٹمنٹ میں کروانا چاہتے تھے اس کے مطابق ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی نے صوبائی وزیر کو شائستگی سے بتایا کہ ان کے پاس ڈاکٹرز کی کمی ہے اور ایمرجنسی میں چند دن ڈیوٹی کرنے کے بعد انہیں تبدیل کردیا جائے گا اس پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر مذکورہ ڈاکٹر کو سکن سیکشن میں نہ بھیجا گیا تو ہم پر انگلی اٹھے گی کہ ہم سیاسی مخالفت کررہے ہیں اور ان کا تبادلہ سیاسی سطح پر ہوا ہے تاہم ڈاکٹر نیازی نے کہا کہ ہسپتال کے اندر کے معاملات وہ خود چلاتے ہیں اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں جس پر صوبائی وزیر قانون جوش میں آگئے اور انہیں دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر ڈاکٹر اریبہ کا تبادلہ سکن سیکشن میں نہ ہوا تو آپ کی چھٹی ہو جائیگی ۔