عجمان:19 نوسربازوں پر مشتمل پاکستانی گینگ گرفتار

ملزمان کیش پرائز کا جھانسہ دے کر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 دسمبر 2018 12:01

عجمان:19 نوسربازوں پر مشتمل پاکستانی گینگ گرفتار
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر2018ء ) پولیس نے 19 افراد پر مشتمل ایک ایسے گینگ کو قابو کیا ہے جو لوگوں کو اُن کے کیش پرائز نکلنے کی جھوٹی خوشخبری دے کر اُنہیں لُوٹنے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حماد بن یعفور الغفلی نے بتایا کہ اس گینگ کے افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ نوسرباز افراد عوام کو ٹیلی فون کرکے یہ خبر سُناتے تھے کہ اُن کا معروف ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے دو لاکھ اماراتی درہم کا انعام نکلا ہے۔

یہ لوگ خود کو ٹیلی کام کمپنی کے کسٹمر سروس سنٹر کا نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔ اگر کوئی سادہ لوح شخص ان کی بات پر یقین کر لیتا تو اس کے بعد یہ اُس سے کہتے کہ انعام کے حصول کے لیے اُنہیں ایک مخصوص رقم بطور فیس جمع کروانی ہو گی یا پھر اُن سے بینک اکاؤنٹ کی خفیہ معلومات مانگ لیتے۔

(جاری ہے)

اس طرح یہ لوگ عوام کے ساتھ کی گئی دھوکا دہی کے باعث لمبی رقم بٹور چُکے تھے۔

ان اطلاعات کے ملنے کے بعد پولیس نے کی جانب سے ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ان افراد کے ٹھکانے کا پتا چلا لیا۔ جس کے بعد ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا اور وہاں موجود 19 افراد کو گرفتار کر لیا جنہوں نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ الغفلی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قسم کے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی ذاتی معلومات اور بینک اکاؤنٹ کی خفیہ تفصیلات کسی پر ظاہر نہ کریں۔ تاکہ اُنہیں اُن کی قیمتی رقم سے محروم ہونے کا صدمہ نہ سہنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :