Live Updates

امریکہ نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف ڈیل پر نرم موقف اختیار کر لیا

یہ مثبت تبدیلی وزیراعظم عمران خان کے امریکی صدر کے خط کا مثبت جواب دینے کے بعد آئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 دسمبر 2018 12:11

امریکہ نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف ڈیل پر نرم موقف اختیار کر لیا
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر2018ء) : پاکستان کی معاشی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض دینے کے لیے کڑی شرائط عائد کیں جن میں سے کئی شرائط پاکستان نے ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ امریکہ نے بھی آئی ایم ایف پر پاکستان کو 6 سے 7 بلین ڈالرز کا بیل آؤٹ پیکج دینے کے لیے کڑی شرائط عائد کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا لیکن اب امریکہ نے آئی ایم ایف کے پاکستان کو دئے جانے والے قرض کے حوالے سے اپنے موقف میں نرمی اختیار کر لی ہے۔

یہ تمام تبدیلی امریکی صدر کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو لکھے جانے والے خط کے بعد آئی جس میں امریکی صدر نے طالبان سے بات چیت کرنے اور ان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے قبول کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کا مثبت جواب دیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت سے اگلے تین سالوں میں جی ڈی پی کے 2.5 فیصد سے زائد بجٹ خسارے کو کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا یہ جانتے ہوئے کہ موجودہ وقت میں مالیاتی خسارہ 6.6 فیصد جی ڈی پی ہے۔ پاکستان کے لیے یہ شرائط کافی مشکل تھیں تاہم اب آئی ایم ایف نے اپنی شرائط میں تھوڑی لچک پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ مالیاتی خسارے کا تعین کرنا تاحال باقی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف نے کافی مثبت انداز میں ترقی کی اور آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین جنوری 2019ء میں بیل آؤٹ پیکج کا معاہدہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات