مدینہ: مسجد نبوی لائبریری میں پونے دو لاکھ کتب کا ذخیرہ

یہ کتب خانہ 88برس پہلے قائم کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 دسمبر 2018 12:58

مدینہ: مسجد نبوی لائبریری میں پونے دو لاکھ کتب کا ذخیرہ
مدینہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر2018ء ) ایک ممتاز سعودی اخبار کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ سے سامنے آیا ہے کہ مسجد نبوی میں اس وقت پونے دو لاکھ کے قریب کُتب موجود ہیں جن سے ہر سال تقریباً 7 لاکھ افراد استفادہ کرتے ہیں۔ مسجد نبوی کی شاندار لائبریری کے ڈائریکٹر مسعد الرفیعی نے بتایا ہے کہ اس لائبریری کا قیام آج سے 88 سال قبل1352ہجری میں عمل میں آیا۔

اس لائبریری میں قدیم مخطوطات اور نایاب کُتب کے بڑے ذخیرے کے علاوہ جدید دور کی کتابیں بھی رکھی گئی ہیں۔ اس لائبریری میں بیک وقت 300افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ منفرد کتب خانہ سال کے بارہ ماہ اور چوبیس گھنٹے کھُلا رہتا ہے۔ اس طرح یہاںآنے والے جس وقت بھی چاہیں، کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔ اس کتب خانے میں 580ہجری کے قرآن کریم اور دیگر کتب کے نادر نسخے بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس شاندار لابئریری کے پہلے ڈائریکٹر احمد یاسین الخیار تھے۔ ابتداء میں یہ کتب خانہ مسجد نبوی کی شمال مغربی جانب بابِ عمرؓ پر قائم کیا گیا تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لائبریری کو کشادہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو اس لائبریری کو 1428ھ میں مسجد کی چھت پر منتقل کر دیا گیا۔ اس کتب خانے کا موجودہ رقبہ 2,7444 مربع میٹر پر محیط ہے۔ اس کتب خانے میں قارئین کی سہولت کی خاطر 70 کے قریب کمپیوٹرز بھی نیٹ ورکنگ سسٹم کے ذریعے منسلک کیے گئے ہیں۔ اس لائبریری میں بریل سسٹم کی کتابیں بھی موجود ہیں جب کہ یہاں موجود انٹر نیٹ سروس کی بدولت مسجد نبوی میں ہونے والے دروس کی بصری اور سمعی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :