چنگچی رکشوں کا کرایہ مقرر کیا جائے

کرایہ مقرر کرنے سے متعلق سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 دسمبر 2018 13:40

چنگچی رکشوں کا کرایہ مقرر کیا جائے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر2018ء) : سندھ بھر میں چنگچی رکشوں کا کرایہ مقرر کرنے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ کراچی میں غیر رجسٹرڈ چنگچی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور چنگچی رکشوں کا کرایہ مقرر کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔

صوبائی وزیر اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ چنگچی رکشوں پر 6 کلو میٹر کا 10 سے 15 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ جبکہ غیر رجسٹرڈ 275 چنگچی رکشوں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں بند کردیا گیا ہے۔ چنگچی رکشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 22 لاکھ روپے حکومت کے خزانے میں جمع ہوئے ۔ یاد رہے کہ سندھ بھر میں چنگچی رکشوں کا معاملہ اکثر ہی زیر بحث رہتا ہے۔

(جاری ہے)

3 سال قبل اگست 2015ء میں سندھ ہائی کورٹ نے موٹر سائیکل رکشوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ چنگچی رکشوں کے خلاف پولیس اور ٹریفک پولیس کے علاوہ دس سے زائد درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ موٹر سائکل رکشے شہر میں ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بنتے ہیں علاوہ ازیں ٹریفک حادثات کا موجب بھی بنتے ہیں لہٰذا ان پر پابندی عائد کی جائے ۔

جس پر سندھ ہائی کورٹ نے حکم امتنا جاری کرنے کے بعد موٹر سائیکل رکشوں پر پابندی عائد کر دی۔ تاہم بعد ازاں رکشہ مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کےفیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے سے ہماری روزی روٹی بند ہو گئی ہے، لہٰذا کچھ رحم کیا جائے جس کے بعد ستمبر 2015ء میں سندھ حکومت نے چنگچی رکشوں پر پابندی سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں موٹر سائیکل رکشوں کی بحالی پر مشروط آمادگی ظاہر کردی تھی۔