چیف جسٹس کیخلاف انٹرویو ،ْفیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کر دی گئی

ملزم کا صحت جرم سے انکار ،ْ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا وکیل کی استدعا پر عدالت نے فیصل رضا عابدی کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا حکم

پیر 17 دسمبر 2018 14:30

چیف جسٹس کیخلاف انٹرویو ،ْفیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) چیف جسٹس پاکستان کیخلاف شرانگیز انٹرویو کے معاملے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا ۔ پیر کو چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ویب چینل کو شرانگیز انٹرویو دینے کے معاملے پر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی میں سماعت ہوئی اور اس سلسلے میں فیصل رضا عابدی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا۔فیصل رضا عابدی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان مؤکل کی طبیعت ناساز ہے لہٰذا انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے۔وکیل کی استدعا پر عدالت نے فیصل رضا عابدی کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ فیصل رضا عابدی کو 10 اکتوبر کو اسلام آباد سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد واپس جارہے تھے۔فیصل رضا عابدی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں پولیس افسر کی مدعیت میں اس کی شہرت کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے اور اسی مقدمے میں انہیں گرفتار کیا گیا۔