گورنر پنجاب نے زرعی ترقیاتی بینک کے اسلامک بینکنگ سیٹ اپ کا افتتاح کردیا

حکومت ملک میں برآمدات میں اضافے و کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے سیڈ میں جدت اور سرمایہ کاری لائیگی، چوہدری محمد سرور کا تقریب سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 14:45

گورنر پنجاب نے زرعی ترقیاتی بینک کے اسلامک بینکنگ سیٹ اپ کا افتتاح ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں برآمدات میں اضافے اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے سیڈ میں جدت اور انویسمنٹ لائیگی، مقابلہ کے اس دور میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیساتھ ساتھ ہمیں سیڈ ریسرچ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی جس سے ملک میں زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

وہ پیر کو زرعی ترقیاتی بینک ڈی ایچ اے برانچ میں اسلامک بینکنگ سیٹ اپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر زرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر آفاق ٹوانہ و دیگر شخصیات موجود تھیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی طرح سے اسلامی بینکنگ کا آغاز لائق تحسین ہے، جس سے کاشتکاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے، حکومت اس سلسلہ میں ادارہ کی بھر پور سپورٹ کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ہی چیز جو پاکستان کو دنیا کے مقابلے میں پیچھے رکھ رہی ہے وہ سیڈ اور پیداوار کا ایشو ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جدید دور میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے، اس وقت ہمارے بارڈر کے دوسری طرف کپاس کی فی ایکڑ پیداوار دو ہزار کلو گرام ہے جبکہ ہمارے ہاں پیداوار 700 کلو گرام ہے، اگر ہم کپاس و گندم مکئی سمیت دیگر بیجوں کی ریسرچ پر توجہ مرکوز کریں تو ملک میں زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک ہمارے ملک میں زراعت اور کسان ترقی نہیں کریگا اس وقت تک ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، اس مقصد کیلئے زرعی ترقیاتی بینک اپنا قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بنگلہ دیش کو جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد اس کی برآمدات 3گنا بڑھیں، ہمیں بھی برآمدات کے فروغ کیلئے کاٹن انڈسٹری کے فروغ کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، نیز ہمیں پیداواری لاگت پر بھی توجہ دینی ہوگی،گورنر پنجاب نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور جدید طریقہ کاشت کے فروغ کیلئے زرعی ترقیاتی بنک کی خدمات قابل ستائش ہیں، زرعی ترقیاتی بینک کا بزنس ماڈل تبدیل ہونا موجودہ حکومت کی ترجیحات کے عین مطابق ہے جو ملکی معیشت میں اضافہ کا بھی باعث بنے گا۔

بینک کے صدر شیخ امان اللہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جدید زرعی سہولتوں اور جدید زرعی مشنری کے استعمال سے کسانوں کو روشناس کرایا جائے جو ملکی پیداوار میں اضافے کا باعث ہوگا، زرعی ترقیاتی بینک موجودہ خدمت کی پالیسیوں کے عین مطابق ترقی کے سفر پر گامزن ہے، انہوں نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے اسلامی بینکنگ کا آغاز وزیر اعظم کے پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی ریاست بنانے کے عزم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کیا، تقریب سے زرعی ترقیاتی بینک کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر آفاق ٹوانہ نے بھی خطاب کیا۔