Live Updates

پاکستان اور چین کا ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چین کی نیشنل فارسٹری و گراس لینڈ ایڈمنسٹریشن کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا ایم او یو سے پاکستان کے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام اور چین کے گریٹ گرین وال پراجیکٹ کے درمیان تعاون کا پلیٹ فارم میسر آئے گا وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی چینی سفیر کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 17 دسمبر 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان اور چین نے ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان اور نیشنل فارسٹری و گراس لینڈ ایڈمنسٹریشن چین کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے پیر کو یہاں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ایم او یو پر دستخط کیے۔

مفاہمت کی یادداشت دس نکات پر مشتمل ہے جن میںجنگلات کو محفوظ بنانے، جنگلی حیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے جنگلات پر منفی اثرات ، آبی وسائل کا بہتر استعمال، خراب زمین کی بحالی، جنگلات اور ماحولیات سے متعلقہ ریسرچ اور دیگر امور پر باہمی تعاون کا فروغ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور چینی سفیر نے ایک پریس کانفرنس میں سمجھوتے کے اغراض و مقاصد اور جنگلات کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کے امکانات سے آگاہ کیا۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ چین نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے 24 ویں پارٹیز آف کانفرنس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایکو سولائزیشن کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا چین نے ماحولیات کے شعبہ میں شاندار ترقی کی ہے اور 2009 ء کے بعد سے 5 لاکھ مربع کلومیٹر رقبے پر جنگلات لگا چکا ہے جس سے اس کے جنگلات میں 12 سے 18 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جو انسان کا لگایا ہوا دنیا کا سب سے بڑا جنگل بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے چین کے اس کامیاب تجربہ سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج کا معاہدہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اس حوالے سے قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لئے تیار ہے اور جنگلات کے شعبے میں چین سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ایکو سولائزیشن پروگرام سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ پاکستان 10 بلین ٹری سونامی کے نام سے بڑی شجرکاری مہم پر کام کر رہا ہے جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایم او یو سے پاکستان کے 10 بلین ٹری سونامی پرگرام اور چین کے گریٹ گرین وال پراجیکٹ کے درمیان تعاون کا پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے شعبے کے سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کرداد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے فروغ کے لئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ سمجھوتے کے تحت جنگلات کو محفوظ بنانے، جنگلی حیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے جنگلات پر منفی اثرات ، آبی وسائل کا بہتر استعمال، خراب زمین کی بحالی ، جنگلات اور ماحولیات سے متعلقہ ریسرچ اور دیگر اہم نکات پر باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اس موقع پر چین سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے پرعزم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک اس مشن کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ماحولیات کے شعبہ کو بے حد اہمیت دی ہے اور وہ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ آج کا سمجھوتہ ماحولیات کے تحفظ و ترقی کی کوششوں میں معاون مدد گار ثابت ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات