سپریم کورٹ کاجامعہ اردو شعبہ فارمیسی کے طلبہ کی رجسٹریشن اور ڈگریاں دینے کا حکم

طلبہ کی رجسٹریشن کیلئے تیارہیں لیکن پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو دوبارہ امتحان دینا ہوگا،وکیل فارمیسی کونسل ْ وہ رول دکھا دیں جس کے تحت دوبارہ امتحان لیاجاسکتا ہو، جسٹس گلزار کے دوران سماعت ریماکس طلبہ کے امتحان میں بے ضابطگیاں ہوئی تھیں، وکیل فارمیسی ، کیا یہ بے ضابطگیاں طلبہ و طالبات نے کی تھیں آپ انہیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں، جسٹس گلزار

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے وفاقی جامعہ اردو کے 250طلبہ کی رجسٹریشن اورپاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو ڈگری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔پیرکووفاقی جامعہ اردو کی250طلبہ کی رجسٹریشن اور دوبارہ امتحان لینے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف فارمیسی کونسل آف پاکستان کی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔

عدالت نے فارمیسی کونسل آف پاکستان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے وفاقی جامعہ اردو کے 250سے زائد طلبہ کی رجسٹریشن کرنے اورپاس ہونے والے امیدواروں کو ڈگری دینے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت فارمیسی کونسل کے وکیل نے کہا کہ طلبہ کی رجسٹریشن کے لیے تیارہیں لیکن پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو دوبارہ امتحان دینا ہوگا،جس پر جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ وہ رول دکھا دیں جس کے تحت دوبارہ امتحان لیاجاسکتا ہو۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ طلبہ کے امتحان میں بے ضابطگیاں ہوئی تھیں۔ جسٹس گلزاراحمدنے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ بے ضابطگیاں طلبہ و طالبات نے کی تھیں آپ انہیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں۔رجسٹرڈ کرنے اور پاس آئوٹ ہونے والوں کو ڈگری جاری کرنے کے عدالتی حکم پر طلبہ خوشی سے نہال نظرآئے۔اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے 2ماہ میں طلبہ کی رجسٹریشن کرنے کا حکم دیا تھا جو فارمیسی کونسل کی جانب سے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔