Live Updates

ایف ڈی اے سٹی میں 28کروڑ کی لاگت سے میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے 10کلو میٹر لمبی پائپ لائن ڈال دی گئی،7کروڑ کی لاگت سے سوئی گیس پائپ لائن کا کام مکمل ، ڈویژنل پبلک سکول کی تعمیر کیلئے جگہ فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ 50کروڑ کی لاگت سے 27کنال اراضی پر جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع ،رہائشیوں کی سہولت کیلئے فیسکو کو 38کروڑ روپے کی ادائیگی، 132کے وی کے 2گر ڈ اسٹیشن اور ایک ارب 43کروڑ کے تخمینہ سے 11کے وی کے بالائی اور زیر زمین 25فیڈرز کے قیام کیلئے ورک آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے انجینئر عامر عزیز کی اے پی پی سے گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) :فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عامر عزیز نے کہا ہے کہ 1815ایکڑ رقبہ پر محیط 13ہزار پلاٹوں پر مشتمل ایف ڈی اے سٹی میں 28کروڑ کی لاگت سے میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے 10کلو میٹر لمبی پائپ لائن ڈال دی گئی ہے اور 7کروڑ کی لاگت سے سوئی گیس پائپ لائن کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے جبکہ ڈویژنل پبلک سکول کی تعمیر کیلئے جگہ فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ 50کروڑ کی لاگت سے 27کنال اراضی پر جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے نیز ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کی سہولت کیلئے فیسکو کو 38کروڑ روپے کی ادائیگی کے علاوہ 132کے وی کے 2گر ڈ اسٹیشن اور ایک ارب 43کروڑ کے تخمینہ سے 11کے وی کے بالائی اور زیر زمین 25فیڈرز کے قیام کیلئے ورک آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اور اس منصوبہ پر عملی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے فیصل آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کے عوام کو عظیم الشان ،سستی ، محفوظ اور معیاری رہائش کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ایف ڈی اے سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ 202فٹ چوڑی 4کلو میٹر طویل مین بولیوارڈ ، 85فٹ ، 60 فٹ اور 45فٹ کی کشادہ سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی میں تعمیر کیا جانے والا سپورٹس کمپلیکس ملک کے بڑے اور جدید کمپلیکسز میں شمار ہو گا جس میں مردوں اور خواتین کیلئے الگ الگ جم ، سوئمنگ پول ، بیڈ منٹن کورٹ ، سکواش کور-ٹ، باسکٹ بال ، سنوکر ، جوگنگ ٹریک وغیرہ شامل ہیں۔انہوںنے بتایاکہ ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کیلئے 5کنال پر محیط انتہائی خوبصورت جامع مسجد الحسنین کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ کمپیوٹرائزڈ ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے تمام الاٹی گھر بیٹھے انٹر نیٹ کے ذریعے فائل ٹرانسفر کی پراگریس کا جائزہ لے سکیں گے۔انہوںنے کہاکہ پیل اور کوالٹی اشور پروفیشنل کمپنی کو فیڈرز کی تعمیر کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور ابتدائی مرحلہ میں انہیں 37کروڑ کی گرانٹ بھی جاری کر دی گئی ہے تاہم یہ منصوبہ 1ارب 43کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہو گا۔

انہوںنے بتایاکہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت اب تک ایف ڈی اے سٹی میں 6ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں او ر آئندہ چند ماہ میں مزید ہزاروں نئے پودے لگانے کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔انہوںنے بتایاکہ حکومت کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے احکامات کے تحت ایف ڈی اے نے 400پختہ تجاوزات کو ختم کروایا ہے جبکہ فیضان مدینہ روڈ کو بھی 102فٹ تک کھلا کر کے آمدو رفت شروع کر دی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ 70کے قریب نجی ہائوسنگ کالونیوں کے خلاف کریک ڈائون کر کے انہیں مسمار اور تالا بندی کرتے ہوئے 29کنال رقبہ واگزار کروا لیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت رکھ برانچ کینال روڈ پر کشمیر پل کے مقام پر ایک ارب 28کرو ڑ روپے کی لاگت سے انڈر پاس کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔انہوںنے مزید بتایاکہ 34کروڑ 69لاکھ روپے کی لاگت سے کینال سروس روڈ کی تعمیر کا کام حتمی مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے جس سے بڑھتی ہوئی ٹریفک کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔آخر میں انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد کی مین شاہرات کو لنک روڈ ز سے ملانے کیلئے ایک ارب 34کروڑ روپے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جنہیں جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات