Live Updates

ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں عوام کو گیس کی قلت کا سامنا،

گھروں کے چولہے ٹھنڈے موجودہ دور حکومت میں بھی صورتحال بہتری کے بجائے خراب ہی نظر آرہی ہے،رہنما جماعت اسلامی

پیر 17 دسمبر 2018 16:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی قلت سے فیصل آباد سمیت ملک بھر میں عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہونے سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ ہر سال موسم سرما کی آمد سے قبل حکمرانوں کی جانب سے بلند وبانگ دعوے کیے جاتے ہیں کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

مگر ہر بار صورت حال مختلف ہوتی ہے۔موجودہ دور حکومت میں بھی صورتحال بہتری کے بجائے خراب ہی نظر آرہی ہے۔ اس سلسلہ میں جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چوہدری نویداسلم،راناوسیم احمدایڈووکیٹ،حاجی محمدحنیف اوردیگرکاکہنا کہ وطن عزیز میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ پاکستان تیل، گیس، کوئلہ اور معدنیاتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، اس کے باوجود تحریک انصاف کی نئی حکومت اب تک ملکی مشکلات پر قابو پانے میں ناکام دکھا ئی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت کی نسبت موجودہ دور میں عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملتا۔ بجلی، گیس کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی ہوتی لیکن عوامی توقعات کے مطابق ایسا نہیں ہوسکا۔ ابھی موجودہ حکمرانوں کے چار ماہ ہی گزرے ہیں اورعوام کاجینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی وسائل سے بھر پور انداز میں استفادہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے ابھی تک سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔ وزیراعظم کی طرف سے ایم ڈیز سوئی سدرن اور ناردرن کیخلاف کارروائی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا حکم محض عوامی دباؤ کے اثر کو زائل کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔ ملک میں تبدیلی کے نام پر بننے والی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی بدستور قلت کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں 27 روپے فی کلو تک کے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ اگر حکمران عوام کو خوشیاں نہیں دے سکتے تو ان کو دکھ دینے کا اختیار بھی نہیں ہے۔ جب سے ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے تو قوم کے لیے ہر آنے والادن مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ حکمرانوں کی حکمت عملی اور وژن کہیں نظر نہیں آرہا۔ موجودہ بجلی وگیس بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کا پہیہ جام اور کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں۔ حکومت کو بجلی وگیس کی مستقل فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات