مری میں سیاح خاتون کے ساتھ بد تمیزی کا واقعہ

مری میں موجود تمام گائیڈز کو نیم بیجز لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 دسمبر 2018 16:33

مری میں سیاح خاتون کے ساتھ بد تمیزی کا واقعہ
مری (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر2018ء) : مری میں خاتون سیاح کے ساتھ بد تمیزی کا واقعہ پیش آیا اور ویڈیو وائرل ہونے پر اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس بھی لیا۔ تاہم اب خاتون سیاح کے ساتھ بد تمیزی کرنے کے معاملے پر ٹریفک وارڈن کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔سیاحوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اے سی آفس میں ایک کنٹرول روم پر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے ہوٹل ایجنٹس کے خلاف کارروائی نہ کی تو پھر مزید اقدامات کریں گے۔سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کے لیے جلد ہی اسنو فیسٹیویل کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔اس حوالے سے طلب کیے جانے والے اجلاس میں پولیس نے بتایا کہ مری میں سیاحوں کے ساتھ ناروا سلوک پر 10 سے زائد ہوٹل گائیڈز زیر حراست ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گائیڈ سیاحوں کر زبردستی اپنے ہوٹل جانے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ ہوٹل گائیڈ کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر ہوٹل گائیڈ کو گرفتار کر لیا جائے گا ، یہی نہیں تمام گائیڈز کو اپنے ناموں کے بیجز لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ مری میں سیاح خاتون سے ہوٹل ایجنٹ کی تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا جو ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔

متاثرہ اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ ہم برفباری دیکھنے کے لیے مری آئے تھے، لیکن ہوٹل انتظامیہ نے ہمارے ساتھ جی پی او چوک میں مارپیٹ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل ملازمین نے فیملی کی خواتین پر آوازیں کسیں تھیں، جس پر تلخ کلامی شروع ہوئی اور بڑھتے بڑھتے ہوٹل انتظامیہ نے سیاح خاندان کو دھکے دیئے۔ اس معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیا اور متاثرہ فیملی سے تعاون نہ کرنے اور غفلت برتنے پر مری کے انچارج چوکی بازار اور محرر کو معطل کرتے ہوئے آئی جی کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔