آئی جی سندھ کی28 ممالک کے قونصلیٹ جنرل سے ملاقات

تمام سفارت خانوں کی عمارتوں کے منتخب کردہ پوائنٹس پر واچ ٹاورزاور سی سی ٹی وی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومزکا قیام اشد ضروری ہے،کراچی پولیس چیف کی بریفنگ

پیر 17 دسمبر 2018 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) آئی جی سندھ نے کراچی میں 28 ممالک کے قونصلیٹ جنرل اور نمائندگان سے ملاقات کی اور بتایا کہ سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف اور موثر بنانے کے لئے باہمی روابط کو تقویت دینا ہوگی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے دوران بریفنگ سیکیورٹی ترجیحات و اقدامات کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ تمام سفارت خانوں کی عمارتوں کے منتخب کردہ پوائنٹس پر واچ ٹاورزاور سی سی ٹی وی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومزکا قیام اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنا قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی پولیس کی جانب سے ایس او ایس نامی سافٹ ویئر متعارف کیا جارہا ہے جو تمام قونصل خانوں کو دیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ اس سافٹ ویئر کے استعمال سے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں پولیس کا جلد ریسپانس عملا یقینی بنایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل بشیر بروہی نے اس موقع پر سفارت کاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایف ایس سی کے جملہ امور واقدامات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی احاطہ کیا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ فی زمانہ سیکیورٹی خدشات اور تحفظات ایک عالمی مسئلہ بن کر سامنے آئے ہیں جن سے نمٹنے کے لیئے تمام ممالک اپنے اپنے ملک کی جغرافیائی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے تناظر میں تمام تر انسدادی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے لیے باعث مسرت و افتخار ہے کہ وہ سندھ میں قائم غیر ملکی سفارت خانوں اور اسکے تحت آنیوالے مختلف مندوبین، ماہرین اور اسٹاف کی سیکیورٹی کے لیئے دستیاب افرادی قوت اوروسائل کو اپنی تمام تر صلاحیتوں اور مہارت کے تحت بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں ایف سی ودیگر بھی ناصرف ہمہ تن مصروف عمل ہیں بلکہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ اور فالو کرنے جیسے عمل میں بھی مذکورہ اداروں کی معاونت اور تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ چائنا قونصلیٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی کو مزید غیر معمولی بنائے جانے کے حوالے سے جامع تجاویز اور مشاورت کے تناظر میں اشد ضروری ہے کہ سندھ پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں اور سندھ میں قائم تمام سفارت خانوں پر مشتمل واٹس ایپ گروپ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اس عمل سے سیکیورٹی معلومات، تجاویز مشاورت آگاہی سمیت درکار سیکیورٹی اقدامات اور ممکنہ درپیش خدشات وتحفظات کی باہمی شیئرنگ سے ناصرف سیکیورٹی امور کو تقویت ملے گی بلکہ بروقت انسدادی اقدامات و ریسپانس بھی مزید موثر ہوجائیں گے۔آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے کہا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر تمام قونصلیٹ جنرلز/ نمائندگان سے اجلاس/ ملاقات کو باقاعدہ ایک شیڈول کے تحت یقینی بنائیں تاکہ انکی تجاویز اور مشاورت سے سیکیورٹی کے جاری جملہ اقدامات و حکمت عملی کو مزید بہتر اور فول پروف بنایا جاسکے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام قونصلیٹ جنرلز/ نمائندگان ودیگر مہمانان گرامی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے بہادر اور باصلاحیت افسران اور جوان صوبے میں امن اومان کی صورتحال پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور صوبے میں موجود تمام سفارت کاروں، ماہرین، مندوبین انکے دفاتر رہائشی مقامات وغیرہ پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو باقاعدہ موثر رابطوں کے تحت یقینی بنا رہے ہیں۔

اجلاس/ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی آر آر ایف، ڈی آئی جی ساوتھ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشن، ایس ایس پی ساوتھ اور ایس پی ایف ایس سی اسپیشل برانچ کے علاوہ امریکا، چائنا،یو اے ای، قطر، بنگلہ دیش، چاپان، سوئٹزر لینڈ، کویت، سری لنکا، اٹلی، جرمنی، سعودیہ، اومان، ملائشیا، روس، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ترکی، بحرین، افغانستان، فرانس، ایران، برطانیہ، شمالی کوریا، یمن، پولینڈ اور مراکش کے قونصلیٹ جنرلز/نمائندگان نے شرکت کی۔