بھارتی عدالت نے کانگریس رہنما سجن کمار کواندرا گاندھی کے قتل پر لوگوں کو سکھوں کے خلاف تشدد پر اکسانے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی

پیر 17 دسمبر 2018 17:43

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) بھارتی ہائی کورٹ نے کانگریس کے رہنما سجن کمار کوسابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد سکھوں کے خلاف تشدد پر اکسانے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 1984ء میں اندرا گاندھی کے اپنے سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل کے بعد بھارت میں بڑے پیمانے پر سکھ کش فسادات پھوٹ پڑے تھے جن کے دوران تین ہزار سے زیادہ سکھوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

73 سالہ سجن کمار اس وقت کانگریسی ایم پی تھے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق وہ نئی دہلی میں ایک سکھ خاندان کے پانچ افراد کے قتل میں بھی ملوث تھے تاہم عدالت سے اس کیس میں ان کو پہلے بری کردیا تھا۔ مرکزی حکام کی ہائی کورٹ میں اپیل کے بعد عدالت نے ان کے کیس میں نیا فیصلہ دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں قرار دیا ہے کہ متاثرہ افراد کو یہ یقین دلانا اہم ہے کہ مشکلات جتنی بھی ہوں فتح سچ کی ہونی چاہیئے۔ عدالت نے فیصلہ میں لکھا ہے کہ 1984ء کے فسادات کے اثرات اب تک محسوس کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ اندرا گاندھی کو سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل میں فوجی آپریشن کے باعث ان کے اپنے سکھ محافظوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔