ہم میڈیا سے معذرت چاہتے ہیں

سابق وزیراعظم نواز شریف اور اپوزشین لیڈر شہباز شریف کی گارڈ کی طرف سے صحافی پر تشدد کے واقعے کی مذمت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 دسمبر 2018 18:02

ہم میڈیا سے معذرت چاہتے ہیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17دسمبر 2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے گارڈ کی طرف سے صحافی پر حملے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔جب کہ اپوزشین لیڈر شہباز شریف نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر جس طرح چاہیں واقعے کی تحقیقات کروائیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کیمرہ مین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں جب کہ میڈیا سے بھی معذرت چاہتے ہیں۔

جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تشدد کرنے والے سیکورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے کہا  کہ آئندہ کوئی بھی شخص پارلیمنٹ ہاؤس میں گارڈ اپنے ہمراہ نہیں لا سکے گا۔جب کہ ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہو گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نواز شریف کے گارڈ کی جانب سے صحافی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ختم ہو گئی پر مغلیہ سوچ ختم نہ ہوئی۔میاں صاحب غریبوں کی اور بد دعائیں نہ لیں۔ کیمرہ مین کے زخمی ہونے پر نواز شریف نے رکنےکی زخمت نہ کی۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے ہم میڈیا ورکرز کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین اپنے صحافتی فرائض نبھاتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ اس دوران نوازشریف کے ایک گارڈ نے کیمرہ مین واجد علی پر حملہ کر دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے تشدد سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین بے ہوش ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے گارڈز نے دو صحافیوں پر حملہ کیا جس کے بعد دونوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔صحافیوں نے نواز شریف کے ایک گارڈ کو پکڑ لیا جب کہ دوسرا فرار ہو گیا