کاشتکاروں کے لیے ای کریڈٹ سکیم کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا

پیر 17 دسمبر 2018 18:15

راولپنڈی17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے ای کریڈٹ سکیم کا دائرہ کار وسیع کردیا۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کریڈٹ سکیم کے پہلے مرحلے میں اب تک 3 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں قبل ازیں فصل ربیع کیلئے کاشتکاروں کو 25 ہزار روپے فی ایکڑ بلا سود زرعی قرضہ کی سہولت دستیاب تھی جسے اب کاشتکاروں کے مفاد میں حکومت پنجاب نی30 ہزار روپے فی ایکڑ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار اس سکیم سے مستفید ہو سکیں ۔

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایا کہ کاشتکار اس سکیم میں حصہ لینے کیلئے تحصیل اراضی ریکارڈ سینٹرمیں اصل شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرواسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کاشتکارمزید معلومات اور اپنی رجسٹریشن کیلئے زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز 0800-15000 اور0800-29000 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے فراہم کردہ سمارٹ فونز کے ذریعے بھی کاشتکاروں کو قرضہ جات کے متعلق معلومات فراہم کی جا ئیں گی اور ساتھ ہی ربیع فصلات کے متعلق جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی بتایا جارہا ہے تاکہ کاشتکار اس پر عمل پیرا ہوکر اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔