کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال ابتر، 70فیصد پختہ تجاوزات دوبارہ قائم

پیر 17 دسمبر 2018 18:17

راولپنڈی17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال ابتر ہو گئی ، انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران مسمار کی جانے والی 70فیصد پختہ تجاوزات دوبارہ قائم ہو گئیں۔ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں شہر و کینٹ میں بھرپور آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران راولپنڈ ی و چکلالہ کینٹ میں ہزاروں کی تعداد میں پختہ تجاوزات کو منہدم کر کے دکانداروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ دوبارہ یہ تعمیرات نہ کی جائیں تاھم حقیقت حال یہ ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے متعدد علاقوں کمال آباد ،بکرامنڈی ،ڈھوک سیداں روڈ ،گرجا روڈ ،مصریال روڈ ،ٹنچ بھاٹہ سمیت دیگر متعدد علاقوں میں منہدم تجاوزات دوبارہ قائم کر دی گئی ہیں جبکہ ریڑھی اور چھابہ فروش سڑکوں پر آزادانہ موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ چکلالہ کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے اور بائیس نمبر چونگی ،لالکڑتی ،اڈیالہ روڈ ،خواجہ کارپوریشن ،دھمیال روڈ ،ٹاہلی موہری کے علاقے ایک بار پھر تجاوز کنندگان کے نرغے میں ہیں ۔شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ دھمیال روڈ پر بائیس نمبر چونگی کے قریب چکلالہ کینٹ کے ٹرانسپورٹ یارڈ کے باہر فٹ پاتھ پر بکرا فروشوں کا قبضہ جوں کا توں برقرار ہے تاھم کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ۔اسی طرح راولپنڈی کینٹ کے علاقے ٹنچ روڈ پر بائیس نمبر چونگی سے ڈھوک سیداں چوک تک سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات کی بھر مار سے پیدل چلنا تک محال ہو چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :