چین افغانستان پاکستان سہ فریقی مذکرات کے دوسری دور کا انعقاد

ایک بڑی کامیابی ہے، چین

پیر 17 دسمبر 2018 18:18

بیجنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) چین نے کہا ہے کہ چین افغانستان پاکستان سہ فریقی مذکرات کے دوسریدور کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے۔چین مذاکرات میں طے پانے والے معاہدات پر عمل درآمد کے لئے دونوں فریقین سے قریبی رابطے میں رہے گا۔اس بات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہووا چنینگ نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دورانکیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین کو اس بات کا یقین ہے کہ ان مذاکرات کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے اورچین مذاکرات میں طے پانے والے معاہدات پر عمل درآمد کے لئے دونوں فریقین سے قریبی رابطے میں رہے گا۔انھوں نے کہا کہ چینی وزریر خارجہ وانگ یی کابل میں منعقد ہونے والے مذاکرات میں شریک تھے اور بعد میں انھوں نے پریس سے ملاقات کی اور اجلاس کے نتائج بارے انھیں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ وزراء خارجہ کی سطح پر باہمی ڈائیلاگ اور رابطوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں سہ فریقی تعاون جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ مذکرات میں شامل تینوں فریق طالبان کو بات چیت کی میز پر جلد از جلد لانے ،افغانستان کی قومی سیاست کی بحالی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوطی کے خواہاں ہیں۔

افغانستان نے امن منصوبے کو آگے لیجانے اور امن مذاکرات کی بحالی کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے اور پاکستان اور چین اس کے لئے اپنا بھر پور تعاون دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا اور افغانستان پاکستان امن ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے باہمہ مفادات کو نقصان پہنچائے بغیر سیاسی،فوجی،معاشی اور سیکیورٹی کی سطح پر مثبت بات چیت جاری رکھی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ تینوں فریقوں نے علاقائی اقتصادی ترقی اور روابط کو فروغ دینے کے لئے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو بھرپور طریقے سے آگے لیجانے کا اعادہ کیا ہے اس کے ساتھ انسداد دہشتگردی میں تعاون کے باہمی سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔