رائے ونڈدوست نے معمولی بات پر اپنے جگری یار کو موت کی نیند سلا دیا

پیر 17 دسمبر 2018 18:24

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) دوست نے معمولی بات پر اپنے جگری یار کو موت کی نیند سلا دیا ،مقدمہ درج کروانے پر ملزمان کے لواحقین کا متاثرہ خاندان کے گھر دھاوا،پولیس کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں متاثرہ خاندان کی تھانے میں دہائی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحصیل رائے ونڈ کے علاقہ مانگا منڈی کے دو دوستوں مطرف اور حماد شاہ کی آپس میں گہری دوستی تھی ،معمولی تکرار کے بعد دونوں کی دوستی دشمنی میں بدل گئی،5دسمبر کو مطرف نے اپنے دوست ذیشان کی مدد سے حماد شاہ کو بلا کر گلہ دبا کر بے دردی سے قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی ،چھ روز کی تگ ودو کے بعد لاش نہر سے برآمد کرلی گئی ،پولیس نے شک گزرنے پر دوستوں سے پوچھ گیچھ کی تو انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے لاش برآمد کروادی ، مقتول کے باپ سید مطلوب شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کے لواحقین خلیل بشیر ،شاہد بشیر ،صدام حسین اور خاتون انور بی بی نے مقتول حماد شاہ کے گھر دھاوا بولتے ہوئے اسکی محنت کش ماں فرزانہ مطلوب کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکا بازو توڑ ڈالا ،متاثرہ خاندان نے پولیس اسٹیشن رائے ونڈ میں انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غریب محنت کش لوگ ہیں فیکٹری میں باپ اور ماں ملازمت کرکے گھر کا سلسلہ چلاتے ہیں ملزمان انتہائی بااثر ہیں پولیس انکے خلاف کارروائی نہیں کررہی،ایک تو ہمارا بیٹا بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے اور الٹا ملزمان کے لواحقین نے ہمارا ناطقہ بند کررکھا ہے پولیس انکے ساتھ ملی ہوئی ہے ،پولیس نے ملزمان کو تھانہ سٹی رائے ونڈ کی حوالا ت میں بند کررکھا ہے اور آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے مزید تفتیش جاری رکھی ہے ۔