کراچی ،شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری

گلستان جوہر کے اطراف فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے ہوٹل اور دکانیں مسمار کردی گئیں

پیر 17 دسمبر 2018 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف پیر کو بھی کارروائی جاری رہی اس دوران ضلع جنوبی کے علاقے کھوڑی گارڈن میں جن دکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے چبوترے اور دیگر تجاوزات دوبارہ قائم کرلئے تھے انہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے دوبارہ مسمار کردیا اور دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ تجاوزات قائم کرنے سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی دوسری جانب ضلع شرقی میں گلستان جوہر (منور چورنگی ) کے اطراف فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے ہوٹل اور دکانیں مسمار کی گئیں، تجاوزات مافیا نے یہاں فٹ پاتھ پر ایک ہوٹل اور 8 دکانیں تعمیر کررکھی تھیں جنہیں کارروائی کرتے ہوئے صاف کردیا گیا جبکہ یہ کارروائی مزید آگے بڑھتے ہوئے کونٹی نینٹل بیکری کے اطراف تک مکمل کی جائے گی اس دوران راستے میں آنے والے تمام تجاوزات کو مکمل طور پر صاف کردیا جائے گا، ادھر ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد بلاکH- نزد منور اسپتال کے نزدیک غیرقانونی طور پر قائم تقریباً 25 چبوترے اور 12 غیرقانونی دکانیں مسمار کی گئیں جو اپنی حدود سے تجاوز کرکے فٹ پاتھ پر آگے تک بڑھائی گئی تھیں، شہر کے مختلف مقامات پر جاری انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے تجاوزات کو صاف کرنے کے حوالے سے جاری کارروائی سے متعلق بتایا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں یہ کارروائی جاری ہے اور جن کاروباری حضرات نے فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرلئے ہیں انہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات دوبارہ صاف کر رہا ہے انہوں نے تجاوزات مافیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کی فٹ پاتھوں ، نالوں اور پارکوں میں تجاوزات کے قیام سے گریز کریں کیونکہ ان کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی طرح کی غیرقانونی تعمیرات کو نہ صرف یہ کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات صاف کردے گا بلکہ اس طرح انہیں نقصان بھی ہوگا لہٰذا وہ ازخود غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے قیام سے گریز کریں اور فٹ پاتھوں کو راگیروں کے چلنے کے لئے کشادہ رکھیں، واضح رہے کہ شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کارروائی کو سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی اپنی سربراہی میں مکمل کر ر ہے ہیں، پیر کو ہونے والی کارروائی کے دوران ضلع جنوبی میں ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی ، ضلع شرقی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عباس اور ضلع وسطی میں ڈپٹی ڈائریکٹر راشد اختر اور حامد رضا نے اپنی موجودگی میں محکمہ جاتی ٹیم کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے انسداد تجاوزات کارروائی کو مکمل کرایا۔