اسپیکر قومی اسمبلی کا نواز شریف کے گارڈ کے خلاف مقدمے کا حکم

اسد قیصر نے پارلیمنٹ میں نجی گارڈز کے داخلے پر پابندی لگا دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 17 دسمبر 2018 18:34

اسپیکر قومی اسمبلی کا نواز شریف کے گارڈ کے خلاف مقدمے کا حکم
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 دسمبر 2018ء) :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صحافی پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔نواز شریف کے گارڈز کے خلاف مقدمے کا حکم دیتے نجی گارڈز کے پارلیمنٹ داخلے پر پابندی لگا دی۔تفصیلات کے مطابق آج یہ افسوسناک واقعہ سامنے آیا جس میں نواز شریف کے گارڈز کی جانب سے صحافی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین اپنے صحافتی فرائض نبھاتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ اس دوران نوازشریف کے ایک گارڈ نے کیمرہ مین واجد علی پر حملہ کر دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے تشدد سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین بے ہوش ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے گارڈز نے دو صحافیوں پر حملہ کیا جس کے بعد دونوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے نواز شریف کے ایک گارڈ کو پکڑ لیا جب کہ دوسرا فرار ہو گیا۔اس واقعے پر اب تک تمام حکومتی اور غیر حکومتی شخصیات کی جانب سے ردعمل سامنے آ چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سمیت حکومتی اراکین نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ واقعے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فوری ایکشن لے لیا ہے۔ایکشن لیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف کے گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں پر قسم کے نجی گارڈز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کوئی جتنا بھی بڑا لیڈر ہے،اپنے نجی گارڈز کوباہر چھوڑ کر آئے۔